امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا ہزاروں سال سے جاری مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے۔ اپنے حالیہ بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ نہ صرف سفارتی سطح پر تعاون بڑھایا جائے گا بلکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارت میں بھی کافی حد تک اضافہ کروں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو ختم کرنے میں امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کو ایک میز پر لا کر جنگ بندی پر آمادہ کیا۔
اس حوالے سے ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے جنگ بندی کے معاہدے کی تصدیق کی تھی۔
خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن "بُنيان مرصوص" کے تحت 10 سے زائد بھارتی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد خطے میں صورتحال خاصی کشیدہ ہو گئی تھی۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب کشمیر کا مسئلہ عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک اس تنازع کے پرامن حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔