آج کے جدید دور میں انٹرنیٹ کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے، انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے سے اکثر لوگوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس رپورٹ میں ہم آپ کو ایلومونیم فوائل سے وائی فائی سگنلز کو طاقتور بنانے کا طریقہ بتائیں گے جس سے آپ کا نیٹ چلے گا نہیں بلکہ دوڑے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تجربے سے معلوم ہوا ہے کہ اپنے وائی فائی سگنل کو بڑھانا ایلومونیم فوائل کے بہت سے دلچسپ استعمالات میں سے ایک ہے اس کا طریقہ یہ ہے کہ ایلومونیم فوائل کو فولڈ کریں اور راؤٹر کے انٹینا کے پیچھے کسی اسکرین کی طرح رکھ دیں جس کے بعد سگنلز میں بہتری کو آپ خود محسوس کریں گے۔
ایلومونیم فوائل کا چمکدار حصہ انٹینا سے آنے والی شعاؤں کی عکاسی کرے گا اور وہاں سے آپ کو بس اپنے گھر کے ان حصوں کی طرف سگنل لے جانے کے لیے فوائل کے گھماؤ کی سمت کو ایڈجسٹ کرنا ہے جہاں آپ کو بہتر انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہے۔
ایلومونیم فوائل کا ایک ٹکڑا کاٹ لیں، کناروں کو فولڈ کریں اور اسے وکر کی شکل دیں۔اپنے راؤٹر کے انٹینا کے پیچھے ورق کو روکنے اور رکھنے کے لیے کوئی سہارا شامل کریں۔ ایلومونیم سگنل کو اپنے گھر کی منتخب سمتوں میں مرکوز کرکے وائرلیس سگنلز کی عکاسی کرے گا۔
روٹر دیوار پر لگا ہوا ہے تو آپ ایلومونیم فوائل میں سوراخ بناسکتے ہیں اور انٹینا کے سوراخوں میں ورق ڈال سکتے ہیں۔ ایلومونیم کو اپنے راؤٹر کے پیچھے رکھنے کے بعد آپ کے وائی فائی سگنل میں اضافہ ہوگا اور آپ کو انٹرنیٹ سلو ہونے کی کوفت نہیں ہوگی۔