آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ ناشتہ کرو بادشاہوں کی طرح، دوپہر کو کھاؤ غریبوں کی طرح اور رات کو کھاؤ فقیروں کی طرح اور اس مثال کے فائدے بھی گنوائے جاتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ناشتہ نہ کرنے کے نقصانات بتائینگے۔
چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ ناشتہ نہ کرنے والے افراد میں معدے اور آنتوں سے متعلق کینسر کی اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ناشتے سے دوری کو عادت بنانے والے افراد میں غذائی نالی، آنتوں، جگر، پِتے اور معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ناشتہ نہ کرنے والے افراد کا گلوکوز میٹابولزم بدل جاتا ہے جبکہ دائمی ورم، موٹاپے اور دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے 63 ہزار افراد کی غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔86 فیصد افراد ناشتہ کرنے کے عادی تھے جبکہ 8 فیصد لوگ ناشتے سے دور رہنا پسند کرتے تھےان افراد کی صحت کا جائزہ 6 سال تک لیا گیا جس کے دوران ان میں سے 369 افراد میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ ناشتہ نہ کرنے والے افراد موٹاپے کا امکان ناشتہ کرنے والوں کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ناشتہ نہ کرنے سے دن بھر بھوک کا زیادہ احساس ہوتا ہے اور عموماً لوگ فاسٹ یا جنک فوڈ کو ترجیح دینے لگتے ہیں جس سے وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ کئی امراض کا بھی خدشہ بڑھ جاتا ہے۔