کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

اردو نیوز  |  Sep 22, 2023

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں سال انڈیا میں ہونے کرکٹ ورلڈ کپ میں جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں کے لیے انعامی رقوم کا اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ 40 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ایونٹ کے فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالر اور سیمی فائنل میں ہارنے والی دو ٹیموں کو آٹھ۔، آٹھ لاکھ ڈالر بطور انعامی رقم دیے جائیں گے۔

اسی طرح گروپ سٹیج پر ورلڈ کپ سے باہر ہوجانے والی چھ ٹیموں کو ایک، ایک لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ گروپ سٹیج پر ہر میچ جیتنے پر ہر ٹیم کو 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

ون ڈے ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے انڈیا میں شروع ہو رہا ہے اور کرکٹ کے میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ جمعے کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

پاکستانی سکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اُسامہ میر، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر اور حسن علی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More