پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعے کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انضمام الحق نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے جبکہ نائب کپتان شاداب خان اور عبداللہ شفیق ہوں گے۔ قومی ٹیم میں حسن علی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، سعودی شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، محمد نواز، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل ہیں۔انضمام الحق کے مطابق ریزرو سکواڈ میں زمان خان، ابرار احمد، اور محمد حارث شامل ہیں۔سابق کھلاڑی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سکواڈ کے متعلق کہا کہ ’اس کامبی نیشن کے ساتھ ٹیم پچھلے چھ ماہ سے کھیل رہی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کرنا درست نہیں تھا۔سکواڈ کے اعلان کے بعد فاسٹ بالر نسیم شاہ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا ’بھاری دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں اپنے پیارے ملک کی نمائندگی کرنے والی اس زبردست ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گا۔ اگرچہ میں مایوس ہوں، لیکن میرا یقین ہے کہ سب کچھ اللہ تعالٰی کے ہاتھ میں ہے۔ انشاللہ جلد فیلڈ میں ہوں گا۔‘انہوں نے اپنے مداحوں کا دعاؤں اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔With a heavy heart, I'm sharing that I will not be part of this amazing team that will be representing our beloved country. While I'm disappointed, I believe everything is in Allah's hands. InshahAllah will be on the field very soon.
Thank you to all my fans for the prayers!
— Naseem Shah (@iNaseemShah) September 22, 2023
ورلڈ کپ سے پہلے فاسٹ بولر حارث رؤف نے گزشتہ روز اپنے مداحوں کو اچھی خبر سنائی کہ وہ انجری کے بعد فِٹ ہوگئے ہیں اور بولنگ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے۔حارث رؤف نے اپنے فِٹ ہونے کا اعلان جمعرات کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سٹوری میں کیا۔حارث نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’واپسی ہوگئی ہے۔ الحمدللہ۔‘واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں حارث رؤف کو انڈیا کے خلاف میچ میں پسلیوں کا درد ہوا تھا جس کے بعد انہیں ایونٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ سے آرام دے دیا گیا تھا۔ورلڈ کپ کے میچز کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔