گمنام ہیروز: بارش سے متاثرہ ایشیا کپ کے گراؤنڈ سٹاف کے لیے 50 ہزار ڈالر کا بونس

اردو نیوز  |  Sep 19, 2023

کرکٹ کی دنیا میں سب کی نظریں اس کھیل کے ستاروں پر ہوتی ہیں اور اس کھیل کو ممکن بنانے والے گراؤنڈ سٹاف کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔

تاہم سری لنکا میں بارش سے متاثرہ ایشیا کپ کو جاری رکھنے والے کرکٹ گراؤنڈ سٹاف کو منتظمین کی طرف سے 50 ہزار ڈالر بونس کا وعدہ کیا گیا ہے۔

سیاسی تناؤ کی وجہ سے انڈیا کے دورہ پاکستان سے انکار کے بعد ایشیا کپ کے زیادہ تر میچز سری لنکا منتقل کر دیے گئے۔ لیکن بارش نے تباہی مچا دی اور چھ ملکی ٹورنامنٹ میں متعدد میچز تاخیر کا شکار ہوئے اور کچھ کو چھوڑ دیا گیا۔

تقریباً تین ہفتے تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کو سری لنکا کے 100  کے قریب گراؤنڈ سٹاف نے بچایا جو نارنجی رنگ کے جیکٹس پہنے ہوئے تھے، اور ہر بار بارش کے بعد میدان کو بچانے کے لیے کور کے ساتھ دوڑ پڑتے تھے۔ 

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے اتوار کو ٹوئٹر (ایکس) پر پوسٹ میں لکھا کہ ’کرکٹ کے گمنام ہیروز کے غیر متزلزل عزم اور محنت کے لیے شاباش!‘

جے شاہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اور سری لنکا کرکٹ کو ’گراؤنڈ سٹاف کے لیے 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کرنے پر فخر ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں کولمبو اور کینڈی کے گراؤنڈ سٹاف کو بونس ملے گا۔

جے شاہ نے مزید کہا کہ ’پچ کو بہتر بنانے سے لے کر سرسبز آؤٹ فیلڈز تک، انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ سنسنی خیز کرکٹ ایکشن کے لیے سٹیج تیار رہے۔ یہ بونس کرکٹ کی کامیابی میں ان افراد کے اہم کردار کو نمایاں کرتا ہے۔‘

دوسری جانب ایشیا کپ کے  فائنل میں شاندار کارکردگی پر محمد سراج کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا تاہم انہوں نے اپنی انعامی رقم گراؤنڈ سٹاف کو دینے کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں یہ انعامی رقم گراؤنڈ سٹاف کو دینا چاہوں گا۔ وہ اس کے حقدار ہیں۔ اگر وہ نہ ہوتے تو اس ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ممکن نہ تھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More