نماز کے لیئے دیر ہورہی ہے جلدی کریں ۔۔ لنکا پریمیئر لیگ میں انٹرویو کے دوران بابر اعظم نماز کے لیے فکرمند ، ویڈیو وائرل
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنہوں نے حال ہی میں اپنی والدہ کے ہمراہ فریضہ حج ادا کیا ہے، ان دنوں سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔
28 سالہ بابر اعظم وہاں بہت اچھا وقت گزار رہے ہیں، وہ کولمبو اسٹارز کے لیے کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے پیر کو ہونے والے میچ میں اپنی 10 ویں ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کر کے ملکی اور غیر ملکی مداحوں کا دھیان اپنی جانب کھینچ لیا ہے۔
اپنی شاندار سنچری کے علاوہ، بابر نے اس وقت بھی انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی جب انہوں نے رپورٹر سے انٹرویو جلد ختم کرنے کو کہا کیونکہ انہیں نماز پڑھنے میں دیر ہو رہی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں بابر نے کہا کہ، میری نماز کا وقت ہورہا ہے، مجھے جانا ہے۔" یہ ویڈیو پاکستانی صحافی فرید کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، گال ٹائٹنز کے خلاف میچ میں بابر اعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جس کے بعد ان کو انٹرویو دینا تھا جس میں تاخیر کی وجہ سے بابر نے آرگنائزرز سے کہا کہ اس مرحلے کو تیز کریں کیونکہ مجھے نماز کیلیئے دیر ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا پر نماز کی ادائیگی کے لیے بابر کا اصرار مداحوں کو بھا گیا ہے اور ایک بار پھر انہوں نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔