سونے کے لیے ایک وقت ہی رکھنا آخر کیوں ضروری ہے؟

بی بی سی اردو  |  Aug 02, 2023

Getty Images

ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ کام اور آرام کے دنوں کے درمیان سونے کی عادات میں معمولی فرق ہماری آنتوں میں موجود بیکٹیریا میں غیر صحت بخش تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔

برطانیہ کے محققین نے پایا کہ یہ جزوی طور پر ’سماجی جیٹ لیگ‘ والے لوگوں کا تھوڑی سی غیر میعاری غذا لینے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

ہفتے کے اختتام کے مقابلے میں ہفتے کے دوران بہت مختلف اوقات میں سونے اور جاگنے کو ’سماجی جیٹ لیگ‘ کہا جاتا ہے۔

بہت زیادہ خلل والی نیند خاص طور پر شفٹ والی ملازمت کرنا صحت پر منفی اثرات کے لیے جانے جاتے ہیں۔

سونے کے اوقات اور جاگنے کے اوقات کو یکساں رکھنا اور متوازن غذا کھانے سے بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کنگز کالج لندن کے سائنسدانوں کی طرف سے تقریباً 1000 بالغ افراد کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ایک عام ہفتے کے دوران آپ کی رات کی نیند کے درمیانی نقطہ میں 90 منٹ کا فرق بھی انسانی آنتوں میں پائے جانے والے بیکٹیریا کی اقسام کو متاثر کر سکتا ہے۔

آپ کے نظام انہضام میں بیکٹیریا کی مختلف اقسام کا ہونا اہم ہے۔ ایک قسم کے بیکٹیریا دوسری قسم سے بہتر ہوتے ہیں لیکن صحیح مرکب حاصل کرنا متعدد بیماریوں کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔

اس تحقیق کی مصنفہ اور ہیلتھ سائنس کمپنی زوای کی سائنسدان کیٹ برمنگھم نے کہا کہ ’(سوشل جیٹ لیگ) مائیکرو بائیوٹا کی اقسام کی حوصلہ افزائی کر سکتا ہے جن کا آپ کی صحت پر منفی اثر ہو سکتا ہے۔‘

تحقیق کے مطابق یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ سوشل جیٹ لیگ برطانیہ کی 40 فیصد سے زیادہ آبادی کو متاثر کرتا ہے۔ یہ نوعمر اور نوجوان بالغوں میں سب سے زیادہ عام ہے۔ پھر ہماری عمر کے ساتھ ساتھ یہ کم ہو جاتا ہے۔

یورپی جرنل آف نیوٹریشن میں چھپنے والی اس تحقیق میں حصہ لینے والوں کی نیند اور خون کا تجزیہ کیا گیا۔ پاخانے کے نمونے جمع کیے گئے اور ایک سوالنامے کا استعمال کر کے جو کچھ انھوں نے کھایا، اسے ریکارڈ کیا۔

جن لوگوں کو سوشل جیٹ لیگ ہوتا تھا وہ 16 فیصد تھے۔ وہ لوگ آلو سے بھری غذا کھانے کا زیادہ امکان رکھتے تھے بشمول چپس اور میٹھے مشروبات۔ یہ افراد پھل اور میوے کم کھاتے تھے۔

گذشتہ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ سوشل جیٹ لیگ والے لوگ زیادہ مستقل سونے کے اوقات والے افراد کے مقابلے میں کم فائبر کھاتے ہیں۔

دیگر مطالعات سے پتا چلا کہ سوشل جیٹ لیگ وزن میں اضافے، بیماری اور ذہنی تھکاوٹ سے منسلک ہے۔

ڈاکٹر کیٹ برمنگھم کا کہنا ہے کہ ’غیر معیاری نیند کھانے کے انتخاب کو متاثر کرتی ہے۔ لوگوں کو زیادہ کاربوہائیڈریٹ یا میٹھے کھانے کھانے کا دل کرتا ہے۔‘

Getty Images

غیر صحت بخش غذا آنت میں مخصوص بیکٹیریا کی سطح کو متاثر کر سکتی ہے۔

محققین کو یہ معلوم ہوا کہ چھ مائیکرو بائیوٹا کی اقسام میں سے تین سوشل جیٹ لیگ گروپ کے نظام انہضام میں زیادہ پائے جاتے ہیں اور ان کا تعلق غیر میعاری غذا، موٹاپے اور سوزش اور فالج کے خطرے سے ہے۔

تحقیقی ٹیم کا کہنا ہے کہ نیند، خوراک اور نظام انہضام میں بیکٹیریا کے درمیان تعلق پیچیدہ ہے اور اس کے متعلق ابھی بہت کچھ معلوم کرنا باقی ہے۔

ان کا مشورہ ہے کہ اگر ہو سکے تو ایک ہفتے کے دوران اپنے سونے کے اوقات کو مستقل رکھیں۔

کنگز کالج لندن کی ڈاکٹر سارہ بیری کہتی ہیں کہ ’نیند کے معمولات یعنی جب ہم بستر پر لیٹتے ہیں اور جب ہم صبح اٹھتے ہیں، کو برقرار رکھنا تو ایک آسانی سے ایڈجسٹ ہونے والا طرز زندگی ہے، جو ہم سب کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کے نظام انہضام میں موجود مائیکرو بایوم کے ذریعے آپ کی صحت متاثر ہو سکتی ہے‘

صحت مند غذا کیا ہے؟

برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس کی ویب سائٹ کے مطابق لوگوں کو کوشش کرنی چاہیے کہ

ہر روز مختلف قسم کے پھلوں اور سبزیوں کو کم از کم پانچ بار کھائیں۔زیادہ فائبر اور نشاستہ دار غذاؤں جیسے آلو، روٹی، چاول یا پاستا پر مبنی کھانا کھائیںکچھ ڈیری یا ڈیری متبادل چیزوں کا استعمال کریں اور جہاں ممکن ہو کم چکنائی یا کم چینی والے ڈیری پراڈکٹس کا استعمال کریں۔کچھ پھلیاں، دالیں، مچھلی، انڈے، گوشت اور دیگر پروٹین کھائیں۔سیچوریٹڈ تیل کا انتخاب کریں اور انھیں تھوڑی مقدار میں کھائیں۔کافی مقدار میں پانی پیئں۔ دن میں کم از کم چھ سے آٹھ گلاس۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More