ایپل کے دیوانے اس سال کے آخر میں آنے والے آئی فون 17 کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، اور اب کچھ ابتدائی تفصیلات نے شوقینوں کو اور بےتاب کر دیا ہے۔ جو لوگ ہمیشہ ایپل کی اگلی چال پر نظریں رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ خبریں کافی دلچسپ ہو سکتی ہیں۔
تازہ رپورٹس کے مطابق، آئی فون 17 پرو میکس ستمبر کے دوسرے ہفتے یعنی 11 سے 13 تاریخ کے درمیان متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ دبئی میں اس نئے ماڈل کی متوقع قیمت تقریباً 3,399 درہم رکھی جا رہی ہے، جو اسے ایپل کے اب تک کے مہنگے ترین فونز کی فہرست میں شامل کر سکتا ہے۔
جہاں تک ڈیزائن کا تعلق ہے، سائز میں کوئی خاص فرق نہیں دکھائی دیتا۔ آئی فون 16 پرو اور پرو میکس کی طرز پر نئے فونز بھی 6.3 انچ اور 6.9 انچ کے ڈسپلے کے ساتھ آ سکتے ہیں۔
سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس بار آئی فون 17 پرو ماڈلز میں ایپل کی نئی A19 پرو چپ شامل ہونے کی اُمید ہے، جو 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کارکردگی میں تیزی، بیٹری کا بہتر استعمال اور مجموعی طور پر زیادہ اسمارٹ تجربہ ممکن ہو سکتا ہے۔