امیتابھ بچن گھر کے باہر مداحوں سے ملنے ننگے پاؤں کیوں جاتے ہیں؟ لیجنڈری اداکار نے وجہ بتادی

ہماری ویب  |  Jun 09, 2023

بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی مقبولیت بھارت سمیت دنیا بھر میں آج بھی اتنی ہی ہے جتنی کہ ان کی جوانی میں تھی تاہم اداکار بھی مداحوں کے اس پیار کا احترام کرنا خوب جانتے ہیں اور ہر اتوار اپنے ان سے ملتے ہیں اور ان کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کی ممبئی میں واقع رہائشگاہ "جلسہ" کے باہر ہر اتوار ان کے سیکڑوں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہوتے ہیں۔ امیتابھ انہیں ہاتھ ہلا کر ان کے خیر مقدمی نعروں کا جواب دیتے ہیں۔

تاہم یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ امیتابھ اپنے مداحوں سے ملنے کیلئے گھر کے باہر ہمیشہ ننگے پاؤں کیوں جاتے ہیں؟ جس پر اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ لگائی جس میں انہوں نے اس راز سے پردہ اُٹھادیا۔

انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ لکھا، "مجھ سے کسی نے پوچھا آپ ننگے پاؤں جاکر مداحوں سے کیوں ملتے ہیں؟ جس پر میں نے جواب دیا کہ، آپ ننگے پاؤں مندر جاتے ہیں اور میرے لئے مداح اور میرے خیرخواہ میرا مندر ہیں ان کے احترام میں ننگے پاؤں جاکر ملتا ہوں۔ آپ کو اس سے کوئی مسئلہ ہے؟"

اداکار نے یہ بھی کہا کہ، انہوں نے گھر کے باہر گھنٹوں ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے انتظار کرنے والوں کیلئے سادے اور لیموں پانی کا انتظام کر رکھا ہے تاکہ تپتی دھوپ اور گرمی میں آنے والے ان کے مداح اپنی پیاس بجھا سکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More