فخر زمان لیجنڈری بیٹر کمار سنگا کارا کا کون سا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں؟

اردو نیوز  |  May 01, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان حالیہ دنوں میں ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز میں فخر زمان نے دو سینچریاں سکور کرتے ہوئے سینچریوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔

انہوں نے اِس ہیٹرک کی پہلی سینچری کراچی میں جنوری میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ ہی کے خلاف بنائی تھی۔

 

بائیں ہاتھ کے بیٹر نے آخری تین ون ڈے میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 101، 117 اور 180 رنز سکور کیے۔

کیویز کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز  کے دوسرے میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی 10 ویں سینچری سکور کی۔

وہ اب تک ون ڈے کرکٹ میں 67 میچز کھیل کر مجموعی طور پر 49 کی اوسط سے 3 ہزار 82 رنز بنا چکے ہیں جس میں 15 ففٹیاں بھی شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق فخر زمان اگر نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میں میچ میں لگاتار چوتھی سینچری بنا لیتے ہیں تو وہ عظیم سابق سری لنکن وکٹ کیپر بیٹر کمار سنگاکارا کا ریکارڈ برابر کر لیں گے۔

ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں ابھی تک تین لگاتار سینچریاں صرف 12 مرتبہ بن چکی ہیں جبکہ کمار سنگاکارا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے لگاتار چار سینچریاں سکور کی ہیں۔

انہوں نے 2015 کے مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف بالترتیب 105، 117، 104 اور 124 رنز بنائے تھے۔

Domination Fakhar Zaman adds another entry to the list of highest scores for Pakistan in ODIs The records that fell during the second #PAKvNZ game ➡ https://t.co/LKKmfFjVag pic.twitter.com/KQPyzNWMCh

— ICC (@ICC) April 30, 2023

خیال رہے فخر زمان کی نیوزی لیںڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 180 رنز کی اننگز پاکستان کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ میں چوتھی بڑی اننگز تھی جبکہ ملک کے لیے اس فارمیٹ میں وہ سب سے بڑی یعنی 210 رنز کی اننگز کھیلنے کا بھی ریکارڈ رکھتے ہیں۔

اپنی حالیہ فارم کے بارے میں اُن کا ماننا ہے کہ وہ چار سال پہلے کی نسبت زیادہ میچور کھلاڑی ہیں اور وہ اب کریز پر اپنی فارم حاصل کرنے کے لیے نئی حکمت عملی کو استعمال کر رہے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’میں ون ڈے کرکٹ میں کچھ وقت لے کر آغاز کرنا پسند کرتا ہوں۔ اس لیول پر ہر کھلاڑی اپنی گیم پر محنت کرتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More