اشرف حکیمی کی جائیداد والدہ کے نام، کیا طلاق کے بعد اہلیہ کو کچھ نہیں ملے گا؟

اردو نیوز  |  Apr 15, 2023

مراکشی فٹ بالر اشرف حکیمی پچھلے کئی ہفتوں سے ریپ کے الزامات کی وجہ سے خبروں میں ہیں اور اسی سبب ان کی اہلیہ حبا ابوک نے ان سے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہسپانوی میڈیا کے مطابق طلاق کی صورت میں حبا ابوک کو اشرف حکیمی کی جائیداد میں حصہ نہیں ملے گا۔

خیال رہے کچھ ہفتوں قبل ایک 24 سالہ فرانسیسی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ اشرف حکیمی نے انہیں زیادتی کا نشانی بنایا اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فٹ بال کی اہلیہ اور بچے گھر پر موجود نہیں تھے۔

ہسپانوی اخبار ’مارکا‘ کے مطابق حبا ابوک نے طلاق کی صورت میں اشرف حکیمی کی جائیداد اور اثاثوں میں سے آدھا حصہ مانگا تھا لیکن وہ یہ جان کر حیران رہ گئیں کہ مراکشی فٹ بالر کے نام پر کوئی جائیداد نہیں کیونکہ انہیں تمام اثاثے قانونی طور پر اپنی والدہ کے نام کیے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشرف حکیمی کی تنخواہ اور دیگر اثاثوں سے آنے والی رقم پچھلے کئی سالوں سے ان کی والدہ کے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے۔

ہسپانوی اخبار ’مارکا‘ کے مطابق اگر حبا ابوک کو اشرف حکیمی کی جائیداد سے حصہ نہ بھی ملے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے پاس اپنی بھی دولت موجود ہے۔

خیال رہے اشرف حکیمی مراکشی فٹ بال ٹیم کے علاوہ مشہور فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے لیے بھی کھیلتے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ حبا ابوک معروف ہسپانوی اداکارہ اور ماڈل ہیں جو متعدد ہسپانوی ڈراموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More