اچھا جیون ساتھی مل جائے تو دنیا میں جنت بن جاتی ہے اور سلمیٰ سے شادی ہونا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔ جی ہاں یہ الفاظ ہیں ملک کے مشہور کامیڈین قیصر پیا کے۔ جو کہتے ہیں کہ کیمرے کے سامنے ہی نہیں تعریف کر رہا ہے بلکہ میری بیوی ہے ہی تعریف کے قابل۔
دوران انٹرویو ان کا کہنا تھا کہ میری بیوی لیجنڈری کامیڈین نسیم وکی کی بیٹی ہے۔ اور انہوں نے ہی ایک مرتبہ گوجرانوالہ میں ہم کھانا کھانے گئے تو وہاں مجھ سے کہا کہ کہ ایک لڑکی ہے یار تم اس سے شادی کرو گے۔ تو میں نے کہا کہ میں آپکو نا نہیں کرسکتا، بس لڑکی ایسی ہو میرے ماں باپ کی خدمت کرے اور کچھ نہیں چاہیے۔
آگے بڑھنے سے پہلے آپکو بتاتے چلیں کہ سلمیٰ نامی یہ لڑکی نسیم وکی کی منہ بولی بیٹی ہیں کیونکہ ان کے اصل والد حسین صاحب تھے جوکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر تھے، یاد رہے کہ انہوں نے غلامی، باؤ اور نوکر تے مالک جیسی کامیاب فلموں میں ہدایت کاری کی۔ بہرحال ان کے انتقال کے بعد نسیم وکی نے اپنی بیٹیوں کی طرح ان کی بیٹی کی پرورش کی۔
مزید یہ کہ قیصر پیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے نسیم بھائی آج بھی کہتے ہیں کہ میں نے صحیح فیصلہ کیا اپنی بیٹی کا تیرے ساتھ رشتہ کیا کیونکہ وہ اپنے گھر بہت خوش ہے۔ یہی نہیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری بیوی بڑی سے بڑی غلطی بھی کر دے تو میں معاف کرو دوں گا کیونکہ اس کے مجھ پر بڑے احسان ہیں۔
آخر میں انہوں نے یہ بھی بتا دیا کہ جب میں نے بیوی کو کہا کہ اب تم لاہور آ جاؤ میرے پاس تو اس نے منع کر دیا، کہنے لگی کہ آپ پہلے اپنے ماں باپ،بہن بھائیوں کو بھی بلاؤ۔ گھر ولوں کے ساتھ ہی رہوں گی اور پھر وہی میرے سب گھر والوں کے لیکر لاہور آ گئی۔