امارات کے نائب وزیراعظم کی شہباز شریف سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور

اردو نیوز  |  Apr 21, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری تک بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات میں شہباز شریف نے مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی اور اقتصادی روابط پر مبنی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کی۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں پیر کو امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچے، تو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، اس دورے کا مقصد توانائی، تجارت اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے دورے کا اپنا وعدہ پورا کیا۔

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے اور انہیں پاکستان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد دونوں رہنماؤں نے ثقافتی تعاون اور جوائنٹ کمیٹی کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More