نوجوان نے سڑک پر ٹوپیاں بیچنے والے غریب بزرگ سے تمام ٹوپیاں خرید کر بوڑھے کو انوکھی خوشی دیدی، معذور بوڑھا اپنی تکلیف بھول کر خوشی سے نہال ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک نوجوان سڑک پر ٹوپیاں بیچنے والے بوڑھے شہری کے پاس آیا، پوچھنے پر بزرگ نے بتایا کہ صبح سے دوپہر تک صرف ایک ٹوپی بیچی ہے۔
بزرگ نے بتایا کہ گزشتہ عید پر سب سے زیادہ 12 ٹوپیاں فروخت کی تھیں جبکہ روزانہ ایک یا دو ٹوپیاں بیچ کر وہ اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔ بزرگ نے بتایا کہ ان کے بچے انہیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
اپنے بچوں کا ذکر کرتے ہوئے بزرگ بار بار آبدیدہ ہوجاتے جس پر نوجوان نے پہلے 2 اور پھر تمام ٹوپیاں پوری قیمت سے زیادہ رقم دے کر خرید لیں۔
بزرگ اپنی تمام ٹوپیاں فروخت ہونے پر خوشی سے نہال ہوگئے اور نوجوان کو گلے سے لگاکر دعائیں دیتے رہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لاکھوں لوگوں نے ویڈیو کو دیکھا اور پسند کیا۔