خود بیمار ہونے کے باوجود اپنے بیمار بچے کو اٹھا کر ڈراپ لگوانے والی ماں کی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو جذباتی کردیا، ملک میں نظام صحت پر لوگوں نے پھر سے انگلیاں اٹھانا شروع کردیں۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے وائرل تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بیمار ماں اپنے بیمار بچے کو اٹھائے کھڑی ہے، خاتون نے اپنے ایک ہاتھ سے بچے کو اٹھایا ہوا ہے جبکہ دوسرے ہاتھ سے ڈرپ پکڑ رکھی ہے۔
ڈرپ اسٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے مشکل کے باوجود خاتون اپنے بچے کو ڈرپ لگوانے کیلئے خود اسٹینڈ بن کر کھڑی ہے اور پائپ کو اونچا رکھنے کیلئے منہ میں دبا کر رکھا ہے۔
قریب کھڑے لوگوں میں سے کسی نے اس خاتون کی مدد کرنے کی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے غریب اور لاچار ماں اپنے بچے کو اٹھائے کھڑی رہی۔
پاکستان میں صحت کا شعبہ انتہائی ابتری کا شکار ہے، چند بڑے شہروں میں کچھ اسپتالوں میں سہولیات ملتی ہیں جبکہ گاؤں دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں میں لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں۔
دیہی علاقوں میں علاج کیلئے آنے والے لوگوں کو اکثر زمین پر بیٹھ کر علاج کرواتے ہوئے دیکھا جاتا ہے، کئی بار میت کو بھی گدھا گاڑی اور ٹھیلے پر رکھ کر لانے کے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں۔
حکمرانوں کی بے حسی اور لاپرواہی کی وجہ سے غریب عوام علاج کی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں لیکن ارباب اختیار کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔