کراچی میں آج بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ وہیں پولیس اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔ یہ واقعہ بھی ایک پولیس جوان کے قتل کا ہے۔
سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا گیا کہ خرم نثار نامی ملزم نے پولیس کے شہید جوان عبدالرحمٰن پر فائرنگ کی اور پھر فرار ہوگیا۔
فوٹیج میں نظر آ رہا ہے کہ کالے شیشوں والی کالی گاڑی آ کر رکی، ڈرائیونگ سیٹ سے ملزم خرم نثار اترا اور ساتھ والی سیٹ سے پولیس اہلکار عبدالرحمٰن اتر کر کھڑا ہوا۔
تھوڑی دیر پولیس اہل کار عبدالرحمٰن اور خرم نثار میں گفتگو ہوئی، پھر اچانک نوجوان نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کر دی اور وہ گر گیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ فائرنگ خرم نثار نامی ملزم نے کی تھی، جبکہ شہید اہلکار نے بھی ملزم پر جوابی فائرنگ کی تھی۔
خیال رہے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں 26 اسٹریٹ پر کار سوار ملزم نے فائرنگ کر کے شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کو قتل کر دیا تھا۔
مقتول پولیس اہلکار کے بھائی حضرت رحمٰن کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی عبد الرحمٰن کا نکاح ہوچکا تھا، اگلے ماہ دسمبر میں ان کی شادی طے تھی، ہمارا بھائی دورانِ ڈیوٹی فائرنگ سے شہید ہوا۔