کراچی: پولیس افسر کے اکاؤنٹ میں اچانک کروڑوں روپے آنے پر ادارے میں کھلبلی مچ گئی، لاڑکانہ کے 3اہلکار بھی کروڑ پتی بن گئے، بینک نے تفتیشی افسر کا اکاؤنٹ منجمد کردیا۔
بہادر آباد تھانے کے تفتیشی افسر عامر گوپانگ کابینک اکاؤنٹ میں تنخواہ سمیت 100 ملین روپے جمع ہونے پر کہنا تھا کہ ’’میں حیران رہ گیا کیونکہ میرے اکاؤنٹ میں چند ہزار سے زیادہ روپے کبھی نہیں تھے۔‘‘
انہوں نے کہا "مجھے اس کے بارے میں تب پتہ چلا جب بینک نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے بتایا کہ میرے اکاؤنٹ میں 100 ملین روپے منتقل ہو گئے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ ان کا بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا گیا ہے اور ان کا اے ٹی ایم کارڈ بھی بینک نے بلاک کر دیا ہے۔
لاڑکانہ اور سکھر میں ایسے ہی واقعات میں دیگر پولیس اہلکاروں نے بھی اپنے بینک کھاتوں میں بڑی رقم وصول کی۔
لاڑکانہ میں تین پولیس افسران کو پتہ چلا کہ ان میں سے ہر ایک کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے موجود ہیں جب کہ سکھر میں ایک پولیس افسر کے اکاؤنٹ میں اتنی ہی رقم موجود ہے۔
لاڑکانہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، تینوں اہلکاروں نے اس بارے میں کسی بھی علم سے انکار کیا ہے کہ ان کے کھاتوں میں بڑی رقم کیسے آئی۔