اکثر اشتہارات صرف چیزیں بیچنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہنسانے اور پیغامات دینے کا سبب بھی بنتے ہیں، ماضی میں کچھ ایسے اشتہارات بھی عام تھے جن میں لوگوں کیلئے کوئی نہ کوئی پیغام اور ہنسنی مذاق بھی شامل ہوتا تھا۔
ایسا ہی ایک اشتہارات ڈینٹونک کا بھی تھا، اس وقت جب گھروں میں کالے منجن سے دانت صاف کئے جاتے تھے تو ڈینٹونک کا استعمال کرنے والے خود کو مارڈن شمار کرتے تھے اور پی ٹی وی پر چلنے والے اس خوبصورت اشتہار کو شرارتی بچوں سے منسوب کیا جاتا تھا۔
سڑکوں پر لگے بل بورڈز بچوں کے ساتھ بڑوں کو بھی لبھاتے تھے، اگر کسی گھر میں کوئی شرارتی بچہ ہوتا تو اس کو ڈینٹونک کا بندر کہا جاتا لیکن اب وقت کے ساتھ ساتھ ڈینٹونک بھی ماضی کا حصہ بن چکا ہے کیونکہ آج مارکیٹ میں نمک اور کئی مسالوں والے ٹوتھ پیسٹ آچکے ہیں۔
ڈینٹونک سے پہلے کالے منجن اور مسواک سے دانتوں کو صاف کیا جاتا تھا اور چمکتے دانتوں کیلئے کوئی پیسٹ یا ماؤتھ واش نہیں ہوتا تھا لیکن جب ڈینٹونک نیا آیا تو لوگوں نے منجن چھوڑ کر ڈینٹونک کو اپنا لیا جس کی خوشبو سانسوں کو مہکاتی تھی اور پاؤڈر سے دانت سفید اور چمکدار ہوجاتے تھے لیکن ماضی میں دانت چمکانے والا ڈینٹونک اب صرف ماضی کی یادیں مہکاتا ہے۔