آج میرے بابا اس دنیا میں نہیں تو کون میرے سر پر شفقت بھرا ہاتھ رکھ کر گھر سے رخصت کرے گا۔ یہ جذبات ہر اس لڑکی کے ہوتے ہیں جس کے والدین اس دنیا میں نہیں۔
بالکل ایسا ہی ایک ڈی جی خان کی لڑکی کے جذبات بھی تھے کیونکہ آج سے چند سال قبل شہید ہونے والے سلیمان جروار کی بیٹی کی شادی کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں پورے ضلع کی پولیس نے شرکت کی۔ اور نہ صرف شرکت کی بلکہ پولیس اہلکاروں نے بارات پر پھول نچھاور کر کے استقبال کیا۔
اس موقعے پر ڈی جی خان کی مقامی پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور بیٹی کے باپ کی طرح نکاح اپنے سامنے کھڑے ہو کر پڑھوایا اور رخصتی سرکاری پوروٹوکول میں ہوئی۔
اس وقت پورے علاقے میں لوگوں کو معلوم ہوا کہ محکمہ پولیس کے ایک جانثار جوان کی بیٹی کی شادی ہے جو اب دنیا میں تو نہیں مگر اس کے ساتھی تو ہیں وہ انہیں کیسے اکیلا چھوڑ سکتے تھے۔
اس کے علاوہ پنجاب پولیس کے فیسبک پیچ پر شیئر کی گئی تصاویر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکے اور لڑکی کے گھر والے اس موقعے پر کس قدر خوش تھے۔ یہی نہیں پولیس اہلکاروں نے اس نئے جوڑے کو بہت سے تحائف بھی دیے۔