میاں بیوی کا رشتہ بہت خوبصورت ہوتا ہے اور ہمارے معاشرے میں آج بھی میاں بیوی کے رشتے میں ایسی خوبصورت مثالیں موجود ہیں جب ایک ساتھی کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی کوئی تاج محل بنواتا ہے تو کوئی مرحومہ بیوی کی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے اپنی پوری توانائی اور سرمایہ خرچ کردیتا ہے۔
ایسی ہی ایک مثال شفقت اور سنبل کی ہے جو 2017 میں زندگی کے ساتھی بنے لیکن یہ رشتہ صرف ڈیڑھ سال چل سکا اور سنبل شفقت کو چھوڑ کر 2019 میں خالق حقیقی کے پاس واپس لوٹ گئیں۔
شفقت نامی نوجوان کا کہنا ہے کہ مجھے سنبل سے پہلی نظر میں پیار ہوگیا تھا اور ہم نے 2017 میں شادی کی لیکن زندگی نے وفا نہ کی اور سنبل 2019 میں انتقال کرگئی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے انتقال سے ایک روز قبل میری اہلیہ نے مجھے ایک ایس ایم ایس کیا جس میں انہوں نے اپنا ایک خواب بتایا کہ وہ شائد انتقال کرنے والی ہیں۔
شفقت کا کہنا ہے کہ میں نے خاندان کے دباؤ کے باوجود ابھی تک دوسری شادی نہیں کی اور اس وقت میری پوری توجہ اپنی بیوی کے خوابوں کو پورا کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ بوتیک بنانے کی خواہشمند تھیں اس لئے ان کی وفات کے بعد میں نے ایک بوتیک شروع کیا، مدرسہ بنایا اور خلق خدا کی خدمت پر وقت صرف کرتا ہوں۔
شفقت کہتے ہیں کہ مجھے آج بھی سنبل کی ہر بات یاد ہے، اس کی یادیں میرے ساتھ جڑی ہیں، میری بیوی میرے خواب میں آکر مجھ سے باتیں کرتی ہے اور میں آج بھی اپنی اہلیہ سے بہت پیار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھ سے زیادہ پیار وہ مجھ سے کرتی تھیں اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ کہیں بیٹھ کر وہ بھی مجھے یاد کرتی ہونگی اور میری دعا یہی ہے کہ مجھے جنت میں حوریں نہیں چاہئیں مجھے میری بیوی ہی چاہیے۔