سیلاب میں بے گھر افراد کیلئے پاک فوج نے خیمہ بستی قائم کردی۔۔ متاثرین نے پناہ گاہوں میں پہنچ کر کیا کیا؟

ہماری ویب  |  Sep 05, 2022

نواب شاہ:پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم کردی گئی، نوابشاہ میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، حکومت نے منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد مزید 2 مقامات پر کٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

پاک فوج کی قائم کردہ خیمہ بستی میں بڑی تعداد میں متاثرین نے پناہ لے لی، پاک فوج کی جانب سے خیمہ بستی میں موجود متاثرین کو بہترین کھانا پینے کا صاف پانی ادویات سمیت دیگر ضروریات زندگی کی سہولیات باہم پہنچائی جا رہی ہیں۔

متاثرین کاکہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے مصیبت و پریشانی میں داد رسی کی اور ایک فیملی جیسا ماحول فراہم کر کے ہماری عزت نفس کو بھی بحال کیا ہے ۔متاثرین نے پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

دوسری جانب سیکڑوں خاندانوں پر مشتمل شہر نوابشاہ کے گنجان غریب آبادی والے علاقے تاج کالونی میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ،علاقے میں کئی کئی فٹ پانی ہنوز موجود ہے علاقہ مکین سڑک کنارے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اورعلاقے میں گیسٹرو،خارش، ملیریا سمیت دیگر مہلک امراض پھیلنے لگے ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ میں بلوچستان سے سیلابی ریلے آنے کا سلسلہ جاری ہے، منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد مزید 2 مقامات پر کٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

باغ یوسف کے مقام پر کٹ لگانے سے سیہون اور بھان سعید آباد شہر کو تباہی سے بچالیا گیا تھا۔محکمہ انہار کے مطابق منچھر جھیل سے پانی کا رسا جاری ہے، شہری آبادی میں پارنی کو روکنے کیلئے آر ڈی 55 اور آر ڈی 80 کو کٹ لگایا جائے گا۔

کٹ لگانے کے بعد پانی گاؤں کرن پور اور انڈس لنک کے درمیان سے ہوتا ہوا دریائے سندھ میں داخل ہوگا۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے جبکہ میہڑ اور جوہی شہر کے رنگ بندوں پر بھی پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد شہری بوریوں میں مٹی بھر بھر کر بندوں کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More