آج صبح سے کراچی شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے موسم کافی خوشگوار ہوگیا ہے البتہ گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد آج طلباء کا تعلیمی اداروں میں پہلا دن ہے مگر بارش کی وجہ سے کافی طلباء غیر حاضر ہیں۔
اگلے 24 گھنٹے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگلے 24 گھنٹوں تک موسم ابر آلاد رہے گا جبکہ ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
اگست میں کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
اگست کے مہینے میں کراچی کے موسم کے حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ شہر میں غیر معمولی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر 12 سے 14 اگست کو تیز بارشیں متوقع ہیں۔ اگست کے مہینے میں صوبہ سندھ میں 3 سے 4 طاقت ور مون سون سسٹم داخل ہوں گے جن سے کراچی بھی متاثر ہوگا۔