جمعہ کا دن مسلمانوں کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے،جمعہ کے دن کی فضلیت یہ ہے کہ یہ دن ہفتے کے سارے دنوں کا سردار ہے، ایک حدیث میں ہے کہ سب سے بہتر دن جس پر آفتاب طلوع ہوتا ہے، جمعہ کا دن ہے۔ اس دن حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق ہوئی، اسی دن ان کو جنت میں داخل کیا گیا، اسی دن ان کو جنت سے نکالا (اور دُنیا میں) بھیجا گیا۔ اور اسی دن قیامت قائم ہوگی۔
جمعہ کا دن جہاں لوگوں کیلئے عبادت کا پیغام لاتا ہے وہیں پاکستان کی حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کیلئے اکثر تکلیفوں میں اضافہ کرکے جاتا ہے اور مخالفین مسلم لیگ (ن) کیلئے جمعہ کا دن شکست سے تعبیر کرتے ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس سے پہلے پاناما کیس کا فیصلہ بھی جمعہ کے دن آیاجبکہ نواز شریف کو جمعہ کے دن ہی وزارتِ عظمیٰ سے ہاتھ دھونا پڑے تھے،نواز شریف کی آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا فیصلہ بھی جمعہ کے روز ہی سنا یا گیا تھا ،شہبازشریف جمعہ کے دن نیب میں پیشی پر گئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیاتھا ۔
یوں تو کسی دن کو کسی مخصوص شخص یا جماعت کیلئے اچھا یا برا قرار دینا توہم پرستی ہے اوراس کو اتفاق ہی کہا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کیلئے جمعہ کا روز زیادہ خوشی کادن ثابت نہیں ہوتالیکن آج مسلم لیگ (ن) نے سابق صدر آصف علی زرداری کی مدد سے جمعہ کے روز بڑی کامیابی حاصل کرکے جمعہ کے دن کو خوشی کے دن میں بدل دیا ہے۔