کیا آپ بھی اپنے لئے خود بیماری خرید رہے ہیں؟ صحت مند زندگی اور پیسے بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہرہ کاظمی کے چند مفید مشورے

ہماری ویب  |  Jul 20, 2022

پاکستان میں مہنگائی اس وقت اپنے عروج پر ہے اور ایسے میں غریب اور متوسط طبقے کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوچکا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جس روٹی کیلئے آپ اتنی دوڑ دھوپ کرتے ہیں وہ آپ کو فائدے کے ساتھ نقصان بھی پہنچا سکتی ہے، اگر نہیں جانتے تو آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

معروف طبی ماہر ڈاکٹر طاہرہ کاظمی کہتی ہیں کہ زبان پر موجود ذائقے کے سیلز ( ٹیسٹ بڈز) انسان کے سب سے بڑے دشمن ہیں،حلق سے اترنے کے بعد سب کچھ ایک جیسا ہوجاتا ہے، محض زبان کے لیے غذا نہ کھائیں، جسم کا بھی خیال رکھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مٹھائی کی دوکان پر جانا چھوڑ دیں، آپ پیسے خرچ کر کے بیماری خریدتے ہیں، اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہارٹ اٹیک نہ ہو تو پیٹ کا حجم کم کریں۔ بغیر چینی اور بغیر کیمیکل پاؤڈر والی سادہ سی چائے پئیں۔

ڈاکٹر طاہرہ کاظمی کا کہنا ہے کہ کھانا گھی یا تیل میں پکانا چھوڑ دیں، زبان کا چٹخارا چھوڑ دیں، بیماریوں سے بچیں۔ سبزیاں اگائیں، سبزیاں کھائیں، اس سے مہنگائی کا علاج بھی اور صحت بھی ملتی ہے۔

کھابے کھا کر کیا ڈھیر سی دوائیں کھائیں گے؟ زندگی وہی اچھی جو دواؤں کے بغیر گزرے، اس لئے سبزیاں تیل و گھی میں پکانے کی بجائے گرل اوربیک کریں۔ بہت مزے کی بنتی ہیں۔ سالن میں زیادہ تری کا آئیڈیا تبدیل کریں، جوس، کولا اور روایتی شربت روٹین میں نہ پئیں۔

میٹھے کی اشتہا کے لئے کھائیں مگر دو تین چمچ سے زیادہ نہیں، بائٹ سائز چھوٹی رکھیں، ایک وقت میں آدھی روٹی سے زیادہ نہ کھائیں، سالن زیادہ کھائیں، روٹی کم کھائیں۔ کھانے سے پہلے سلاد کا پیالہ ضرور کھائیں، آدھا معدہ سلاد سے بھریں۔

ان کا کہنا ہے کہ موٹاپا اور غلط غذا آپ کے دشمن ہیں، شوگر سے فالج، ہارٹ اٹیک، گردے فیل، الزائمر اور بینائی ضائع ہوتی ہے۔شوگر ہماری جنیاتی بیماری بن چکی ہے، ہر کسی کو ہو گی جلد یا بدیر، اس لئے غذا بدل دیجیے۔ اگر آم کھانا چاہتے ہیں تو ایک آم کا صرف چوتھائی حصہ کھائیں اس سے زیادہ نہیں۔

مٹھائی اور کیک کو اپنی زندگیوں سے نکال دیں، عام سی بیکری سے بھی مٹھائی اور کیک ہزار روپے سے کم نہیں ملتی لیکن آپ اسی رقم سے اپنے لئے بیماری خرید رہے ہوتے ہیں اس کی بجائے اگر آپ ان پیسوں سے بادام یا اخروٹ خریدتے ہیں تو ذائقے کے ساتھ آپ کو صحت بھی ملتی ہے۔ اپنے کچن سے چینی کو باہر نکال دیں۔ مہنگی چینی آپ کو بیماریوں کے علاوہ کچھ نہیں دیتی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More