ہر ذی روح کو موت کا ذائقہ ضرور چکھنا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار پر موت مقرر فرمائی ہے اوراس سے کسی کو چھٹکارا ملے گا اور نہ کوئی اس سے بھاگ کر کہیں جا سکے گا۔ ہمیں روز کسی نہ کسی کے انتقال کی خبر ملتی ہے لیکن بہت کم لوگ ہونگے جنہوں نے کسی کی جان نکلتے دیکھا ہوگا۔
اس ویڈیو میں زندگی سے موت کے سفر کے چند ایسے مناظر قید ہیں جنہیں دیکھ کر یہ یقین مزید پختہ ہوجاتاہے کہ سامان سوبرس کا پل کی خبر نہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان نماز پڑھتے ہوئے سجدے میں گیا اور وہیں روح پرواز کرگئی، ایک نوجوان سامان اٹھارہا تھا کہ اچانک موت کا فرشتہ اسے لینے آگیا، ایک دلہا اپنی شادی پر خوشی سے ناچ رہا تھا کہ اچانک جان نکل گئی، ایک نوجوان کھیلتے ہوئے خالق حقیقی کے پاس جاپہنچا، ایک شخص دفتر میں کھڑے کھڑے اچانک موت کی آغوش میں چلا گیا۔
تم جہاں بھی ہوگے(ایک نہ ایک دن) موت تمہیں جا پکڑے گی، چاہے تم مضبوط قلعوں میں ہی کیوں نہ رہ رہے ہو( النساء 78)۔ خالق کائنات نے ہر جاندار کے لئے موت کا وقت اور جگہ متعین کردی ہے، موت آنے کے بعد آنکھ دیکھ نہیں سکتی، زبان بول نہیں سکتی، کان سن نہیں سکتے، ہاتھ پیر کام نہیں کرسکتے۔ موت نام ہے روح کا بدن سے تعلق ختم ہونے کا اور انسان کا دار فانی سے کوچ کرنے کا۔
ہر ذی روح کا مرنا یقینی ہے لیکن موت کا وقت اور جگہ سوائے اللہ کی ذات کے کسی بشر کو معلوم نہیں، بعض صحت مند تندرست نوجوان سواری پر سوار ہوتے ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ وہ موت کی سواری پر سوار ہوچکے ہیں۔