سوشل میڈیا پر روزانہ ہی مختلف تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں اورسوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر ٹاپ ٹرینڈ بن جاتی ہیں۔
'ہماری ویب' کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے ہر ہفتے کے آغاز میں گزشتہ ہفتے کی وائرل پوسٹس دوبارہ سامنے لائی جاتی ہیں تاکہ صارفین کو یہ یاد رہ سکے کہ گزشتہ ہفتہ کیا کچھ ہوتا رہا۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رکھا جائے گا۔
آج ہم ایک بار پھر گزشتہ ہفتے کی وائرل پوسٹ پر ایک نظر ڈالیں گے۔
1- خاتون کے بیک وقت تین بیٹوں کی پیدائش
گزشتہ ہفتہ بروز پیر کراچی میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 3 بیٹوں کی پیدائش ہوئی جس کے بعد والدین خوشی سے نہال ہوگئے۔
کراچی میں نیاز منزل کے قریب نجی اسپتال میں خاتون کے ہاں بیک وقت 3 بیٹوں کی پیدائش ہوئی، ان بچوں کے والد سعید بھی کہتے ہیں کہ میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، اللہ کا شکر ہے جس نے مجھے شادی کے بعد پہلی اولاد تین بیٹے عطا کیے۔ میں ساری زندگی اپنے بچوں کی کفالت بخوشی کروں گا۔
2- طالب علموں کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے
یہ خبر گزشتہ ہفتہ بھرپور وائرل رہی کہ طالب علموں کے اکاؤنٹ میں اچانک 900 کروڑ روپے آگئے جس کا انہیں خود بھی علم نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی شہر کٹھیار سے تعلق رکھنے والے دو طالب علم اس وقت پورے گاؤں میں مشہور ہو گئے جب ان طالب علموں کے نام پر اکاؤنٹ موجود تھے اور اس اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے پائے گئے۔
چھٹی جماعت کے طالب علم گروچرن وشواس اور اشیش کمار کے بینک اکاؤنٹ میں 900 کروڑ بھارت روپوں سے زائد کی خطیر رقم جمع کروا دی گئی تھی، اکاؤنٹ خطیر رقم دیکھ کر دونوں طالب علم حیران پریشان تھے۔
3- ننھا بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق
گزشتہ ہفتے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی جب کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک اور ننھا معصوم بچہ کھلے میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گارڈن ویسٹ میں ڈھائی سالہ حمزہ گھرکے باہر کرکٹ کھیلنے کے دوران بال اٹھانے جاتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہو گیا،معصوم حمزہ کی نمازجنازہ علاقے کی مقامی مسجد میں ادا کر دی گئی ، متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ رات کو علاقے میں نعت کی محفل کے دوران واقعہ پیش آیا، بچے کے ہاتھ میں موجود گیند مین ہول میں دیکھی تو شک ہوا کہ بچہ گٹر میں گرا ہوگا، معصوم بچے کی میت گھر پہنچی تو ہر سو کہرام مچ گیا،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
4- سو فیصد نمبرز حاصل کرنے والی طالبہ
قندیل نامی طالبہ کا ذکر کرنا کیسے بھولیں جن کی خبر نے سب کو حیران کردیا تھا۔ قندیل نے انٹر کے امتحانات میں حیران کن طور پر 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کیے۔ قندیل کا کہنا تھا کہ اچھی نمبرز حاصل کرنے کے لیے وہ دن میں پندرہ گھنٹے پڑھائی کرتی تھیں جس کا انہیں اچھا سلہ ملا۔
5- دنیا کا سب سے کم عمر حافظ قرآن بچہ
ملیے دنیا کا سب سے کم عمر حافظ قرآن بچہ جس نے 3 سال کی عمر میں قران پاک مکمل حفظ کر لیا ہے۔ مذکورہ بچے کی خبر نے گذشتہ ہفتہ سوشل میڈیا پر سما باندھ لیا تھا۔ حافظ قرآن بچے کانام عبدالرحمان فراح ہے اور اس کا تعلق نارتھ افریقہ کے شہر الجیریا سے ہے۔اس بچے کو آج دنیا بھر میں سب سے کم عمر حافظ قرآن ہونے کا اعزا حاصل ہے۔