دنیا بھر کے ائیرپورٹ پر امیگریشن کے نظام کو ہر بدلتے دن کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ اور آسان بنایا جارہا ہے۔ جس کی سب سے بہترین مثال شہریوں کو ای پاسپورٹ کا اجراء کرنا ہے۔ جبکہ پاکستانی پاسپورٹ کو 2004 میں تبدیل کیا گیا تھا جس میں مشین ریڈایبل(Machine Readable) کی تکنیک استعمال کی گئی تھی۔
تاہم رواں سال پاکستانی پاسپورٹ کو ای پاسپورٹ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن اب تک حکومت کی جانب سے ای پاسپورٹ کا اجراء ممکن نہ ہوسکا۔
ای پاسپورٹ کے فائدے:
ای پاسپورٹ کے ذریعے نہ صرف پاکستانی پاسپورٹ پر بھروسہ بڑے گا بلکہ پاکستان کا نیا چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا اور ایک جدید قوم ہونے کا تاثر بھی قائم ہوگا۔
ای پاسپورٹ کے ذریعے ملک کے داخلی اور خارجی سرحدوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ ای پاسپورٹ بارڈر سیکیورٹی ایجنسیز کو اس قابل بناتا ہے کہ کسی بھی مسافر کا ڈیٹا اس کے پاسپورٹ پر لگی مائیکرو چپ کے ذریعے فوری طور پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ای پاسپورٹ سے جعلی پاسپورٹ بنے کے عمل کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ای پاسپورٹ سے مسافروں کو امیگریشن کی لمبی لائنوں کی پریشانی سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔ تاہم پاکستان کے ائیرپورٹ پر اب تک ای گیٹس نصب نہیں کیے گئے ہیں۔
ای پاسپورٹ استعمال کیسے ہوگا؟:
ای پاسپورٹ کو ائیرپورٹ پر لگے ای گیٹس کے ذریعے سکین کیا جائے گا، جس سے ای پاسپورٹ میں موجود چپ کے ذریعے آپ کی تمام معلومات فوراً سامنے آجائے گی۔ اس کے بعد مسافر کو اگلے گیٹ کی طرف جانا ہوگا جہاں اسے اپنی فنگر پرنٹس اور کیمرے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی شناخت کی تصدیق کروانا ہوگی۔
تاہم اس سہولت سے مسافر بغیر کسی روک ٹوک کے امیگریشن گیٹ سے گزر سکتے ہیں۔ جبکہ مسافروں کو کسی لمبی لائنوں اور ائیرپورٹ پر ہونے دیگر مشکلات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔