پاکستان کے معروف کامیڈین و اداکار عمر شریف چند عرصے سے دل کی تکلیف سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ تاہم شدید علالت کے باعث انہیں کراچی کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے عمر شریف کو امریکہ میں علاج کروانے کا مشورہ دیا تھا۔ جس کے بعد ان کی اہلیہ زرین عمر کی جانب سے امریکی ویزا کی جلد حصولی کیلئے حکومت سے اپیل کی گئی تھی۔
جس کے بعد وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کے اہلخانہ کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
تاہم دنوں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکہ کا ویزا جاری ہونے کی خبر دی تھی۔ اپنی ٹوئٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ جلد اپنے علاج کیلئے امریکہ روانہ ہوں گے۔
جس کے بعد عمر شریف کی اہلیہ نے بیان جاری کیا تھا کہ امریکی حکومت نے انہیں ویزے جاری کردیے ہیں اور علاج کیلئے امریکا جانے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کے اہلخانہ کو علاج کیلئے 4 کروڑ روپے اور امریکہ جانے کیلئے ائیر ایمبولینس کا انتظام کیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسڑ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ عمر شریف کو علاج کے غرض سے امریکہ منتقل کرنے کیلئے ائیر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے۔
جس کے بعد عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا کے جارج واشنگٹن اسپتال میں ان کے شوہر کے علاج کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جبکہ زرین عمر کی جانب سے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ائیر ایمبولینس کے تمام تر اخراجات سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پر اُٹھا رہی ہے۔
تاہم عمر شریف کی جلد صحتیابی کیلئے فنکار برادری کی جانب سے دعاوں کی اپیل کی جارہی ہیں۔ جبکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی معروف اداکار ریما خان کے شوہر ڈاکٹر شہاب جو کہ امریکہ کے جانے مانے ہارٹ سرجن بھی ہیں۔ ان کی جانب سے عمر شریف کے امریکہ میں علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ دنوں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے عمر شریف کے علاج کے حوالے سے پریس کانفرنس کی گئی۔ جس میں آرٹ کونسل کے صدر احمد شاہ، سندھ کے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دی۔
پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر ثقافت و تعلیم سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس دنیا میں عمر شریف جیسی شخصیت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔
پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمر شریف پاکستان کا اثاثہ ہیں، جیسے ہی مجھے ان کی طبیعت کی اطلاع ملی تو سب سے پہلے ذہن میں یہی آیا کہ عمر شریف نے زندگی بھر مسکراہٹیں بکھیریں ہیں، آج ہم ان کو اکیلا کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔ جبکہ میں نے عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد ہی عمر شریف صحتیاب ہوکر اسی آرٹس کونسل پاکستان کراچی میں ایک بار پھر پرفارم کریں گے۔
جبکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پر تنقید کرتے ہیں مگر اچھا کام کرنے پر ان کی تعریف بھی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کی سندھ حکومت نے فنکار برادری کو اکیلا نہیں چھوڑا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عمر شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ میرے والد نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میرے والد سے بے پناہ محبت کرتی ہیں اور ہم ان محبتوں کے لیے مشکور ہیں۔ انہوں نے عمر شریف کی اسپتال میں زیر علاج کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر تکلیف کا اظہار کیا ہے۔ عمر شریف کے صاحبزادے نے لوگوں سے اپیل کی کہ خدارا ان کی اسپتال کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر نہ کی جائیں۔
ہم ہماری ویب کے تمام قارئین سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنی دعاؤں میں عمر شریف ضرور یاد رکھیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ عمر شریف جلد صحتیاب ہو کر پھر سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں گے۔