پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ثانیہ سعید کا نام بڑے فنکاروں کے نام کے ساتھ شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی جاندار اداکاری کو ان کے مداح بے حد پسند کرتے ہیں اور انہیں مستقل ٹی وی ڈراموں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
گذشتہ 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے ٹی وی و تھیٹر پر اپنی منفرد کردار نگاری سے رنگ جمائے ثانیہ سعید کے بارے میں تو سب ہی واقف ہیں لیکن ان کے اہلخانہ سے متعلق شاید ہی کوئی جانتا ہوگا۔ 28 اگست 1972ء کو کراچی پیدا ہونے والی نامور اداکارہ ثانیہ سعید نے نوعمری سے ہی تھیٹر کی دنیا میں اپنے والد منصور سعید کے ساتھ کام کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔
اداکارہ نے ایک ویب چینل کے پروگرام میں خصوصی شرکت کی تھی جس میں انہوں نے بہت ساری باتیں کرنے کے ساتھ اپنے اہلخانہ سے متعلق بھی گفتگو کی۔
ڈراموں میں کیسے آئیں؟
انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ نوے کی دہائی میں جب تھیٹر پر کام شروع کیا، مجھے یاد ہے پہلا ڈرامہ ’’ عورت‘‘ تھا جو کہ ایک بھارتی رائٹر صفدر کے سکرپٹ پر مبنی تھا یوں بطور اداکارہ میرے سفر کا آغاز ہوا پھر وقفے وقفے سے مختلف سٹیج ڈراموں میں کام کرتی رہی ،تھیٹر کے دور میں سکول میں زیر ِتعلیم تھی۔ نوعمری میں جو اپنے والد کی نگرانی میں تھیٹر کا تجربہ ملا وہ زندگی بھر کیلئے مجھے اعتماد دے گیا۔
ثانیہ سعید نے کہا کہ ان کے والد (ایکٹیوسٹ) کارکن ہیں اور جبکہ ان کی والدہ اسکول ٹیچر تھیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ ڈھائی سے پانچ کی عمر کے بچوں کو تعلیم دیتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا والدہ کتنی لگن اور محنت کےساتھ بچوں کو پڑھاتی تھیں کیونکہ میں انہیں سامنے پڑھاتا دیکھتی تھی۔ اس کے علاوہ معلوم ہوا کہ ثانیہ کے ایک بھائی ہیں اور وہ خود اکلوتی بیٹی ہیں۔
ثانیہ کے شوہر کون ہیں اور کیا کرتے ہیں؟
فنکارہ ثانیہ سعید کے شوہر کا نام شاہد شفاعت ہے جو ہدایت کار اور ادیب ہیں۔
سوشل میڈیا پر ثانیہ سعید اکثر شوہر کے ہمراہ مختلف تصاویر شئیر کرتی رہتی ہیں۔
ثانیہ نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والدین دہلی سے ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے۔
اداکارہ نے اپنے بچپن کے دنوں کے بارے میں بتایا کہ طارق روڈ کے علاقے میں وہ کبھی سائیکل چلایا کرتی تھیں اور وہ بچپن میں بہت شرارتی ہوا کرتی تھیں۔
ثانیہ نے بتایا کہ ان کے پاس فزیالوجی کی ڈگری ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ تربیت یافتہ بھی ہیں سو اگر ڈراموں میں نہ چل پاتی تو یہی ان کی فیلڈ ہوتی، ان کا کہنا تھا کہ یوں بھی اس مضمون میں خاص دلچسپی رہی ہے اور اسی وجہ سے اپنے کردار بہتر طور پر کر پاتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ انہیں ٹیچر بننے کی بھی تمنا تھی اور ہاں بچپن ہی سے جانوروں کا ڈاکٹر بھی بننا چاہتی تھیں۔