کہتے ہیں کہ آج کے دور میں ایک اہلیہ کو بچوں سمیت سنبھالنا اور ان کی ضروریات زندگی کو پورا کرنا بڑی بات ہے۔ لیکن اگر کسی مرد کی دو بیویاں ہوں اور ساتھ میں بچے بھی تو ان کی ضروریات کی دیکھ بھال کرنا نا ممکن لگتا ہے۔ اس کے علاوہ 2 اہلیہ کو ساتھ میں خوش رکھنا بھی بڑی ذمہ داری کا کام ہوتا ہے۔
ایسے بہت کم لوگ ہی دیکھنے کو ملتے ہیں کہ جن کی 2 بیویاں ہوں اور دونوں ساتھ میں ہنسی خوشی زندگی گزار رہی ہوں۔
پاکستانی شوبز صنعت میں بھی چند ایسی مشہور شخصیات موجود ہیں جن کی 2 بیگمات اوران سے بچے بھی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ حیرت میں مبتلا ہوتے ہیں سوچتے ہیں کہ یہ اپنی دو بیویوں کو کیسے ایک ساتھ خوش رکھتے ہوں گے۔
آیئے جانتے ہیں کہ وہ کونسی مشہور شخصیات ہیں۔
1- رحیم پردیسی
نسرین کے نام سےمشہور کردار کے پیچھے ایک ذمہ دار شخص اور خاندان بھی موجود ہے۔ رحیم پردیسی ایک یوٹیوبر ہیں جن کی مزاحیہ ویڈیوز کو دنیا بھر میں دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے۔رحیم 3 بچوں کے والد ہیں اور ان کے چوتھے بچے کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔
رحیم پردیسی نے ایک حالیہ ویلاگ میں اپنی فیملی کا تعارف کر وایا۔ رحیم پردیسی کی دو بیویاں ہیں جن کے ساتھ وہ اس وقت رہ رہے ہیں، کچھ سنجیدہ حالات کے پیش نظر انہوں نے دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کی پہلی اہلیہ کا نام سمیرا ہے جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ جب کہ رحیم پردیسی کی دوسری اہلیہ کا نام سومیا ہےجو پیشے کے لحاظ سے ایک اوٹالررینگولوجسٹ (کان اور ناک کی ڈاکٹر) ہیں۔ سومیا ماں بننے والی ہیں اور جلد ہی وہ اپنے بچے کا استقبال کریں گی۔ رحیم پردیسی کا اس ویلاگ بنانے کا مقصد اپنے پرستاروں کے یہ دکھانا تھا کہ وہ اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ یکساں سلوک کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہاں میری دو بیویاں ہیں اور یہاں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں۔ لہٰذا یہ ہمارے لئے اہم چیز ہے، میرے بچے اور بیویاں واقعی خوش ہیں۔
2- اقرار الحسن
پاکستان کے معروف صحافی اور پروگرام کے میزبان اقرار الحسن بھی دو بیویوں کے شوہر ہیں۔ ان کی پہلی اہلیہ کانام قراۃ العین ہے جبکہ دوسری اہلیہ کا نام فرح یوسف ہے۔ ان کی پہلی شادی سال 2008 میں ہوئی جبکہ فرح یوسف کے ساتھ وہ سال 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
ان کی دوسری شادی کے بارے میں لوگ نہیں جانتے تھے اور اس کا علم 2018 میں ہوا جب اقرار الحسن کی جانب سے اپنی دوسری شادی سے متعلق وضاحت سامنے آئی۔
صحافی اقرار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دوسری شادی پہلی بیوی کی مرضی اور مشاورت سے ہوئی ،انہوں نے دونوں بیویوں کو خوش رکھا ہوا ہے ،وہ ایک دوسرے سے ملتی ہیں ،تحائف دیتی ہیں اور ساتھ بالکل خوش رہتی ہیں۔ ان کی پہلی اہلیہ سے ایک بیٹا ہے جس کا نام پہلاج حسن ہے۔
3- محمود اسلم
ڈرامہ سیریل بُلبلے سے شہرت پانے والے معروف اداکار محمود اسلم کا شمار بھی دو اہلیہ کے ساتھ خوشگوار زندگی گزارنے والی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کی پہلی بیوی کا نام امبر نوشین ہے جو خود بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں جبکہ دوسری اہلیہ کا نام معلوم نہ ہوسکا۔
ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے اداکار محمود اسلم کا کہنا تھا کہ وہ خود اپنی دونوں بیویوں کے لیے ناشتہ بناتے ہیں۔ اور اس بات کا اظہار کرنے میں وہ کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔
4- شبیر جان
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار شبیر جان کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ وہ آج بھی ٹی وی اسکرین پر اپنی شاندار اور جاندار اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ اداکار شبیر جان بھی دو اہلیہ کے شوہر ہیں، ان کی پہلی بیوی کا نام اختر شبیر ہے جبکہ دوسری اہلیہ جو خود شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں ان کا نام فریدہ شبیر ہے۔ اداکار نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کی پہلی بیوی کا تعلق انہیں کے خاندان سے تھا اور ان کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ اپنی دونوں بیویوں کے ہمراہ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔