کراچی شہر ویسے تو مسائل کا گھر ہے، مگر جب یہاں بجلی چلی جائے تو گرمی سے ستائے شہریوں کی جان نکل جاتی ہے۔ بالکل ایسا ہی کچھ حال آج کراچی کے شہریوں کا صبح 7 بجے سے ہوا ہے۔ نہ گھر میں لائٹ ہے نہ پانی، بجلی کی کمی سے سارے نظام تباہ ہو کر رہ گئے ہیں۔
کے الیکٹرک حکام کے مطابق ہائیٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے 25 گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے ہیں، اور نیو کراچی،گلشن اقبال، لیاقت آباد، بفرزون، شادمان ٹاؤن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، گلستان جوہر، منظور کالونی، پی ای سی ایچ ایس،گلستان جوہر، ملیر، ناظم آباد، کورنگی، کھارادر، صدر، برنس روڈ، شاہ لطیف ٹاؤن، ڈی ایچ اے فیز 2 اور اسیکم 33 میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔
مگر کے الیکٹرک انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو یہ بتا دیا ہے کہ بجلی کی بحالی کا کام ایک گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا، کیونکہ سسٹم میں لوڈ زیادہ ہے اس لئے وقت لگ رہا ہے۔ کچھ علاقوں میں لائٹ 2 گھنٹے کی تاخیر سے آئے گی اور وہ علاقے جہاں بجلی صبح 10 بجے گئی ہے وہاں ساڑھے 3 بجے تک آجائے گی۔