ملک میں پڑنے والی شدید گرمی سمندری طوفان کے ہی ۔۔ طوفان نے کراچی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ہماری ویب  |  May 15, 2021

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹاک ٹائی نامی سمندری طوفان بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں بننے والا سمندری طوفان کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 1460 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق موسمی سسٹم کےباعث 17 سے 20 مئی کےدوران ٹھٹہ، بدین، تھر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ میں بارش کا امکان ہے، ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلو میٹرتک رہے گی۔

اس کے علاوہ حیدرآباد،کراچی،جام شورو،شہیدبینظیرآبادمیں 18سے20 مئی کےدوران گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں گرمی کی لہر آ سکتی ہے، درجہ حرارت 42 سے 43 درجے تک جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کے باعث پاکستان اور بھارت کی ساحلی پٹی پر تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔

جبکہ حکام محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق سے 1460کلو میٹر کے فاصلے پرہے اور سمندری طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب یعنی بھارتی گجرات کی جانب رہےگا۔

اور ٹاک ٹائی نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں اور پاکستانی سمندر کے قریب مشرق کی جانب ساحلی علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

ممکنہ خطرے کے پیش نظرسندھ حکومت نے سینٹرل کنٹرول روم قائم کردیا۔

سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن حنیف چنا سیل کے سربراہ ہوں گے، سینٹرل کنٹرول روم پولیس،رینجرز، محکمہ صحت، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ سے براہ راست رابطے میں رہےگا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ پرہائی الرٹ کردیا ہے۔ اس حوالے سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے سائزکے فکس ونگ طیاروں، روٹری ونگ ہیلی کاپٹرزکے ساتھ اضافی وزن لگایا جائے، کچھ طیاروں کو ہواؤں کی شدت سے بچانے کے لیے ہینگرمیں منتقل کیا جائے۔

سرکلر کے مطابق تیزہواؤں سے فضائی سفرمحفوظ بنانے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام متعلقہ حکام احتیاطی تدابیر اختیار کریں،طوفان اور بارشوں کے دوران مختلف اقسام کے پرندوں کی تعدادبڑھ جاتی ہے،ائیرپورٹس کی حدود اور اطراف میں برڈ شوٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے اور فیومیگیشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سندھ حکومت نے شہر بھر سے بل بورڈز ہٹانے کا حکم بھی دے دیا ہے ، جس پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

سمندری طوفان کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا

طوفان سمندر میں طغیانی کا باعث بنے گا جس کی وجہ سے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے منع کردیا گیا ہے۔

ماہی گیروں کی روزی روٹی سمندر سے وابستہ ہے جن میں سے کچھ اب بھی سمندر میں موجود ہیں۔

انچارج فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق تمام ماہی گیر وں کو پیغام دے دیا گیا ہے، بڑی تعداد میں لانچیں فش ہاربر ، ابراہیم حیدری میں محفوظ مقام پر آچکی ہیں، ٹھٹھہ، بدین اور کیٹی بندر پر بھی ماہی گیر محفوظ مقامات پر آرہے ہیں، ماہی گیروں کو پیغام دینے اور محفوظ مقام تک پہنچانے میں پاک بحریہ کی مدد بھی لے جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ،کاکا پیر،کیماڑی کے ماہی گیروں نے شکار پر روانگی روک دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More