پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی پہلی شادی کے ناکام ہونے کی وجہ بتا دی ہے۔
مقبول اداکارہ اسماء عباس کی بیٹی زارا نور عباس کی پہلی شادی سے متعلق بہت کم لوگ واقف ہیں۔
زارا نور عباس کی پہلی شادی 2014 ء میں بیرون ملک رہائش پذیر ایک لڑکے سے ہوئی تھی جو کہ صرف 3 سال ہی قائم رسکی تھی اور زارا نور عباس اپنے پہلے شوہر سے طلاق لے کر وطن واپس اپنی فیملی کے پاس آ گئی تھیں۔
زارا نور عباس کا اپنی پہلی شادی کی ناکامی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اُنہیں اداکاری کا بہت شوق تھا اور انہوں نے اپنے والد سے بہت مشکلوں کے بعد ایک پروجیکٹ کی اجازت لی تھی، اُنہوں نے شادی سے قبل ایک پراجیکٹ میں اداکاری بھی کی تھی جس میں انہیں خوب پذیرائی بھی ملی تھی۔
زارا نور عباس کے مطابق ’ انہوں نے دوسرے پراجیکٹ کے لیے اپنے والد سے جب اجازت مانگی تو اُن کے والد نے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ وہ شادی کر لیں اور بعد میں چاہے جو مرضی کرتی رہیں۔
انہوں نے اداکاری کا شوق پورا کرنے کے لیے فورا سے شادی کر لی تھی، یہ اُن کی پسند کی شادی تھی، اُنہوں نے شادی سے قبل اپنے شوہر سے وعدہ لیا تھا کہ وہ انہیں اداکاری کی اجازت دیں گے، شادی کے بعد اُن کے پہلے شوہر کی جانب سے یہ وعدہ توڑ دیا گیا تھا۔
اداکارہ زارا نور کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں اس دوران اس بات کا احسا س ہوا کہ انہوں نے جس شوق کے لیے شادی کی تھی وہ شوق تو پورا نہیں ہو رہا، اس پر انہوں نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لی اور اپنے گھر وطن واپس آ گئیں۔
زارا نور عباس نے بتایا کہ پھر اُنہوں نے پاکستان آ کر باقاعدہ طور پر اداکاری کا آغاز کیا، جب اُن کا ٹی وی پر پہلا پراجیکٹ نشر کیا جا رہا تھا اُس سے کچھ عرصہ قبل ہی اُن کی طلاق ہوئی تھی۔
زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوچ رکھا تھا کہ اب وہ اپنے والدین کی مرضی سے شادی کریں گی لہٰذا 2017ء میں اُن کی شادی سب کی رضا مندی سے معروف اداکار اسد قریشی سے ہو گئی۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس کے دوسرے شوہر اسد قریشی بھی شوبز کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں اداکار جوڑی ایک ساتھ ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔