بڑھاپے میں بھی جوانی کی محبت کا ساتھ ہو یہ ایک نعمت سے کم نہیں ہے، کیونکہ جوانی سے اس وقت تک ہزاروں مسائل سے گھری ہوئی زندگی کو بخوشی ایک دوسرے کے ساتھ نبھانا ایک اہم بات ہے، آج ہماری ویب میں 4 ایسے جوڑوں کی کہانی جانیں جو کتنے برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، مگر ایک دوسرے کے لئے محبت کم نہ ہوسکی۔
مسٹر خالد بادشاہ اور ان کی بیگم شاہینہ خالد
٭ یہ مسٹر خالد بادشاہ اور ان کی بیگم شاہینہ خالد ہیں، ان کی شادی کو 40 سال ہوگئے ہیں۔ مسز شاہینہ کہتی ہیں کہ: '' جب میری ان سے شادی طے ہوئی تو میں اس شادی کے حق میں نہ تھی، میں یہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، مگر ماں باپ کی مرضی سے شادی کی تو بعد میں اندازہ ہوا کہ یہی میرے مسٹر پرفیکٹ ہیں اور ہم دونوں خوشی خوشی ایک ساتھ رہتے ہیں، ہر اچھے اور برے وقت میں یہ میرا ساتھ دیتے ہیں۔ محبت اپنی جگہ ان کا احترام بھی میں بہت کرتی ہوں، یہ مجھے سب سے زیادہ سمجھتے ہیں۔
مسٹر واحد اور ان کی بیگم مسز شائستہ واحد
٭ مسٹر واحد اور ان کی بیگم مسز شائستہ واحد 51 برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، یہ دونوں آپس میں کزنز تھے، ان کا بچپن اٹکھیلیوں میں گُزرا، ایک دن ان کے بڑے بھائی نے کہا کہ بچے بڑے ہو رہے ہیں اور اب وقت ہے کہ خاندان کو ایک مرتبہ پھر جوڑ کر رکھا جائے، کہیں بچے بکھر نہ جائیں اور یوں ان کی شادی گھر کے بڑوں نے طے کی اور ان 51 برس سے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوش ہیں، ان کے سارے بچے شادی شدہ ہیں اور اب یہ دادا دادی بھی ہیں اور نانا نانی بھی ہیں۔
واحد کہتے ہیں کہ میں جب بھی بیمار پڑتا ہوں، چڑ چڑا ہو جاتا ہوں اور بیگم کو خوب ڈانٹتا ہوں، یہ کبھی مجھے کچھ نہیں کہتی اور میرا خیال کرتی ہے۔
بُزرگ میاں بیوی:
٭ تصویر میں موجود بُزرگ شخص کے مطابق: '' زندگی میں کبھی اس کو کسی چیز کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور اب بڑھاپے میں بھی کوشش کرتا ہوں کہ جو یہ چاہتی ہے، جیسا چاہتی ہے، اس کو دوں، اس کی ہر خواہش کو پورا کروں۔ ہم ہسپتال میں ٹیسٹ کروانے گئے، لائن لمبی تھی، بیٹھ گئے، انتظار کر رہے تھے، یہ نیند سے اونگنے لگی اور اچانک مجھے محسوس ہوا کہ یہ آہستہ آہستہ میری جانب جھک رہی ہے تو میں نے اس کو بازو سے تھام لیا، مجھے بھیڑ میں بھی اس کو تھامنے میں کوئی شرمندگی نہیں کیونکہ اس نے میرے ہر قدم پر مجھے سنبھالا ہے ۔''
شاپنگ کرتے ہوئے جوڑے کی تصویر:
٭ یہ جوڑا شاپنگ کرنے گیا تو ان کی یہ تصویر خوب وائرل ہوئی، اس شخص کے مطابق: '' ہم شاپنگ پر جب بھی جاتے ہیں، میں اطمینان سے بیٹھ جاتا ہوں اور اہلیہ کو اس کی پسند کی ہر چیز خریدنے کا کہہ دیتا ہوں، ہمیشہ ہی یہ ڈھیروں چیزیں دیکھتی ہے، اور گھنٹے لگا دیتی ہے، مگر جب بھی شاپنگ کرکے آتی ہے، بہت مطمئن نظر آتی ہے، جس سے مجھے بھی ایک سکون محسوس ہوتا ہے، اس لئے میں بیٹھا ہوا اس کی جانب دیکھ رہا تھا، کہ یہ کب آئے گی اور ہم یہاں سے جائیں گے۔