محبت کا کوئی نام نہیں ہوتا یہ ہر کمزوری اور ہر معذوری سے دور پرے ہے، جس کی مثال ثناء اور داؤد ہیں، ثناء نے داؤد سے محبت کی اور اس کے خوفناک حادثے میں معذور ہو جانے کے با وجود بھی اپنی محبت سے پیچھے نہ ہٹی اور شادی کرکے اس کا ہاتھ تھاما اور اس کی ٹانگیں نہ ہونے کی فکر نہ کرتے ہوئے خود ہر قدم پر اس کا ساتھ نبھایا، اور آج پاکستان بھر میں لوگ ثناء اور داؤد کی محبت پر رشک کرتے ہیں۔
جب ان کی کہانی سامنے آئی تھی تو ہم نے ثناء اور داؤد کی باتیں سنی تھی، اس وقت داؤد اپنے پیروں پر چل نہیں سکتے تھے، ان کی ایک ٹانگ تو ٹوٹ چکی ہے، مگر ایک ٹانگ بلکل ٹھیک تھی، لیکن معذوری کی وجہ سے وہ چلنے سے قاصر تھے۔ مگر اب ثناء نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ داؤد کو ثناء نے گردن سے تھاما اور وہ خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوگئے ہیں، اور دونوں بہت خوش ہیں۔
ثناء کہتی ہیں کہ: '' میں خُدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اب داؤد اپنے قدموں پر کھڑا ہوگیا ہے، 3 ماہ بعد یہ ایسے کھڑے ہوئے ہیں اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد داؤد پہلے کی طرح ٹھیک ہو جائیں گے۔''
جبکہ داؤد کا کہنا ہے کہ: '' ثناء کی محنت رنگ لا رہی ہے، جن لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا، میں ان کا شکر ادا کرتا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ میں ایک ٹانگ پر کھڑا ہو گیا ہوں ''