کراچی میں 3 روز سے جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد بند سڑکیں کھل گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق بلدیہ حب ریور روڈ پر جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
شہر میں اس وقت صورتِ حال معمول پر آگئی ہے، کہیں پر بھی روڈ ٹریفک کے لیے بند نہیں ہے۔ اسٹار گیٹ، کورنگی، ٹاور چوک سمیت مختلف علاقوں میں پولیس ہائی الرٹ ہے۔ اگر ہم پنجاب کی بات کریں تو پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور خانیوال میں آج بھی مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے لیاقت باغ چوک میں مذہبی جماعت کے کارکن موجود ہیں، جس کی وجہ سے فیض آباد انٹر چینج ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ راولپنڈی میں کمیٹی چوک سے مریڑ چوک تک مری روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے کھلا ہوا ہے، جبکہ بند سڑکوں کے متبادل روٹ پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
ادھر خانیوال میں مذہبی جماعت کا لاہور موڑ پر احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ خانیوال میں سڑک کے دونوں اطراف ٹریلر کھڑے کر کے ملتان لاہور روڈ کو بلاک کر رکھا ہےالبتہ چھوٹی گاڑیوں کو متبادل راستے سے گزارا جا رہا ہے۔ کبیر والا میں مذہبی جماعت نے احتجاج ختم کر دیا جس کے بعد ملتان روڈ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔