سردی کے خشک موسم میں ہاتھوں اور پیروں میں پسینہ آتا ہے؟ جانیں اس مسئلے کو کیسے روکا جاسکتا ہے؟

ہماری ویب  |  Nov 14, 2020

انسان کے جسم سے پسینے کا اخراج ایک قدرتی عمل ہے اس طرح جسم کا درجہ حرارت نارمل رہتا ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ موسم سرما جیسے خشک موسم میں جب ہاتھوں اور پاؤں کی نمی کو برقرار رکھنے کے لئے موئسچرائزر اور کولڈ کریموں کا استعمال کیا جارہا ہو وہیں بعض افراد اپنے ہاتھوں اور پیروں سے پسینے کے زیادہ اخراج کے سبب پریشان نظر آتے ہیں۔

یا یوں کہہ لیں کہ موسم کی مناسبت کے بغیر بھی ان کے جسم سے پسینہ عام لوگوں سے زیادہ نکلتا ہے دراصل ایسے لوگوں میں عام لوگوں کے مقابلے جسم میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔

عموماً ان افراد کو اس مسئلے کا سامنا جسم کے ایک یا دو حصوں میں ہوتا ہے جیسے بغلیں، ہتھیلی یا پیر اور ان حصوں سے اگر پسینہ ضرورت سے زیادہ نکلے تو یہ ایک تشویشناک بات ہے۔

1- ہاتھوں پیروں سے زیادہ پسینے کا اخراج

ماہرین صحت ہاتھوں اور پیروں سے اضافی پسینہ نکلنے کی بیماری کو “ہائپر ہائیڈ روسس “کا نام دیتے ہیں اس میں جسم میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ یاد رہے کہ زیادہ پسینے آنے کا عمل موروثی بھی ہوسکتا ہے نیز بہت زیادہ ذہنی دباؤ، ڈپریشن اور پینک اٹیک بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔

2- ہائپر ہائیڈ روسس کن علامات کو ظاہر کرتا ہے؟

اگر آپ ہائپر ہائیڈروسس کے مسئلہ کا شکار ہیں تو اس پر سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت زیادہ پسینے کا ظاہر ہونا یا اس کا اضافی

اخراج جسم میں کسی بیماری کی علامات بھی ہوسکتے ہیں جیسا کہ خون میں شوگر کی کمی، تھائی رائیڈ گلینڈز کا اضافی ہارمون پیدا کرنا، دل کا دہرہ، اعصابی نظام میں بدنظمی وغیرہ ان تمام مسائل سے بچنے کے لیے احتیاط اور فوری علاج دونوں ضروری ہوتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی اہم طلب ہے کہ اکثر ہمارے جسم میں آئیوڈین کی کمی کے باعث جسم سے پسینے کا زیادہ اخراج ہونے لگتا ہے۔ ضروری ہے کہ اپنے کھانوں میں آئیوڈین والی غذائیں شامل کریں جیسے انڈے، مچھلی، دودھ، دہی، چیز وغیرہ۔

* گھریلو ٹوٹکوں سے علاج

آج کی جدید میڈیکل سائنس نے ہائپر ہائیڈروسس کا علاج بھی دریافت کرلیا ہے اور اس پریشانی میں مبتلا افراد علاج سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لیکن اس کے تدارک کے لئے کچھ گھریلو ٹوٹکے بھی ہیں، جن پر عمل کر کے وقتی طور پر اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے یہ ٹوٹکے کیا ہیں آئیے آپ کو ان سے آگاہ کرتے ہیں۔

1- بے بی پاؤڈر

ہاتھوں اور پیروں پر پسینے کو آنے سے روکنے کیلئے سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ بچوں کے جسم پر لگائے جاے والے پاؤڈر کا استعمال کریں جسے عموماً بے بی پاؤڈر کہا جاتا ہے تاکہ یہ نمی کو جذب کرکے ہتھیلیوں اور تلوں کو خشک رکھ سکے۔

2- سیب کا سرکہ

پسینے کے اخراج کو روکنے کے لئے ایک اور مفید طریقہ اپنا سکتے ہیں وہ ہے سیب کا سرکہ۔ کیونکہ یہ جسم کے پی ایچ کے درجے کو برابر کر کے جلد کے مساموں سے اضافی پسینے کے اخراج کی روک تھام کرتا ہے۔

3- بیکنگ سوڈا

اگر تھوڑے سے گرم پانی میں دو سے تین چمچ بیکنگ سوڈا کو مکس کرکے اس میں 10 منٹ تک ہاتھوں اور پیروں کو ڈبو کر رکھیں تو روزانہ اس عمل کو کرنے سے پسینے کے مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More