قدرت نے تمام پھلوں کے اندر ذائقہ اور بھرپور فوائد پیدا کیے ہیں۔ صحت سے بھرپور زندگی گزارنے کے لئے پھل کھانا بہت ضروری ہے۔
آج ہم ایک ایسے پھل کے فوائد کے بارے میں جانیں گے جس کو کھانے سے جسمانی توانائی بحال ہوتی ہے۔ اس پھل کا نام املوک ہے۔ جی ہاں نارنجی رنگ کا جاپانی پھل املوک دیکھنے میں بہت خوش نما نظر آتا ہے اور اس کی شکل ٹماٹر سے ملتی جلتی ہوتی ہے لیکن اس کی رنگت ٹماٹر سے مختلف ہوتی ہے۔ انگریزی میں اس پھل کو پرسیمن کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں اس کو جاپان سے درآمد کیا گیا ہے اسی لئے اس پھل کو زیادہ تر لوگ جاپانی پھل کہتے ہیں۔ یہ پھل موسم سرما کی سوغات ہے اور اسے اب پاکستان کے مختلف علاقہ جات میں بڑی کامیابی سے کاشت کیا جارہا ہے جن میں کشمیر اور سوات کے علاقے بھی شامل ہیں۔
٭ آئیں جانتے ہیں اس پھل کے بھرپور فوائد۔
املوک کے فوائد کی بات کریں تو یہ قبض کشا خصوصیات کے سبب ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو قبض میں مبتلا رہتے ہیں یا جگر کے مسائل کا شکار ہیں۔ یہ معدے کی خرابیوں کا علاج کرتا ہے۔ اس میں فائبر موجود ہے جو نظام ہاضمہ کو بہتر رکھتا ہے۔
جاپانی پھل میں موجود مختلف غذائی اجزاء قلب کی صحت کے لیے بھی مفید ہیں۔ یہ بلڈ پریشر اور ذیابطیس کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ اس کے علاوہ املوک قوت معدافعت میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ اورسب سے مفید بات کہ یہ پھل وزن میں کمی کا باعث بھی ہے۔