بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس سے منسلک منشیات معاملے میں ضمانت پانے والی اداکارہ ریا چکرورتی کو ایک ماہ بعد جیل سے رہائی مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 28 دن کے بعد ریا چکرورتی بھائی کلہ جیل سے رہا ہو گئی ہیں۔ اداکارہ کے
وکیل ستیش منیشندے نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ریا چکرورتی جیل میں قیدیوں کے درمیاں کیسے وقت گزار رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریا چکرورتی کے وکیل ستیش منیشندے نے این ڈی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ریا جیل میں کس طرح رہ رہی ہیں کیونکہ کچھ خفیہ ایجنسیز ریا کو تنگ کر رہی تھیں انہیں وہاں کافی پریشان کیا جا رہا تھا۔
اَداکارہ کے وکیل نے بتایا کہ ریا چکرورتی جیل میں اپنا بہت خیال رکھ رہی تھیں، اُنہوں نے بتایا کہ اداکارہ جیل میں قیدیوں کو یوگا بھی سکھایا کرتی تھیں اور انہوں نے خود کو جیل کے مطابق ڈھال لیا تھا۔
وکیل ستیش منیشندے نے بتایا کہ ریا اب تمام مشکلات کا سامنا باآسانی کرسکتی ہیں۔ اداکارہ ریا چکرورتی کے وکیل نے اپنی مؤکلہ کی ضمانت کو سچ اور انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلآخر حقائق اور قانونی نکات کو عدالت نے تسلیم کیا ہے۔
خیال رہے کہ ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کو بھارت میں منشیات کے روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔
عدالت نے ریا چکرورتی کو ایک لاکھ روپے پرسنل بانڈ کی شرط پر ضمانت دی ہے۔