دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹ کی نگرانی کرنے والے انٹرنیشنل پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے سال 2020ء کی فہرست جاری کردی گئی جس کے مطابق نیوزی لینڈ کا پاسپورٹ دنیا کے تمام ممالک کے پاسپورٹ سے سرفہرست آگیا۔
پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کی گئی عالمی دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں نیوزی لینڈ کا نمبر پہلا رہا جبکہ عراق کا لسٹ میں آخری نمبر رہا۔
پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کردہ اِس تازہ ترین رینکنگ میں پاسپورٹس کی طاقت کا معیار پاسپورٹ کی موبائیلیٹی ریٹ کو قرار دیا گیا ہے۔
موبائیلیٹی ریٹ یا اسکور کسی بھی پاسپورٹ کی وہ طاقت ہے کہ جس کے ذریعے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ پاسپورٹ کتنے ممالک تک باآسانی رسائی حاصل کرسکتا ہے۔
پاکستان اس رینکنگ میں 70 ویں نمبر پر ہے، اس وقت دنیا کے صرف 7 ملک ایسے ہیں جن کی رینکنگ پاکستان سے بھی کمزور ہے۔
نیوزی لینڈ کا پاسپورٹ رکھنے والے 129 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں 86 ممالک میں جانے کے لئے ویزا درکار نہیں ہوگا جبکہ 43 ممالک میں ویزا آن ارائیول کی سہولت ان کو میسر ہے۔
نیوزی لینڈ کے بعد جرمنی، آسٹریا، لگزمبرگ، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور اسٹریلیا کا فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔
پاکستان کا موبائیلیٹی ریٹ اس وقت 38 ہے یعنی پاکستان کا پاسپورٹ رکھنے والے 38 ممالک کا سفر طے کرسکتے ہیں جس میں سے اُن کے لئے 8 ممالک کا ویزہ معاف ہے جبکہ 30 ممالک ایسے ہیں جہاں اترنے کے بعد انہیں ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔ درجہ بندی کے مطابق سبز پاسپورٹ کو آخری 8 ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔