اداکار سشانت سنگھ کو گلا گھونٹ کر مارا گیا، وکیل نے بڑا دعویٰ کردیا

ہماری ویب  |  Sep 25, 2020

بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خاندانی وکیل نے دعویٰ ظاہر کیا ہے کہ ڈاکٹروں کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سشانت سنگھ کو گلا گھونٹ کر مارا گیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے اس بیان کی تردید کی جارہی ہے۔

بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق حال ہی میں سشانت سنگھ کے خاندانی وکیل ویکاس سنگھ کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) کی رپورٹ میں 200 فیصد یقین سے کہا گیا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت خود کشی نہیں تھی بلکہ اداکار کو گلا گھونٹ کر مارا گیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے سشانت کے وکیل کے بیان کو غلط قرار دے دیا گیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے حوالے سے تحقیقات میں روزانہ نئے موڑ سامنے آرہے ہیں بظاہر خودکشی نظر آنے والا کیس اب قتل کیس میں تبدیل ہو گیا ہے جس نے بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے ناموں کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے۔

اے آئی آئی ایم ایس کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سدھیر گپتا کا بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سشانت سنگھ کی موت سے متعلق تا حال تحقیقات جاری ہیں۔

ڈاکٹر سدھیر گپتا نے کہا ہے سشانت سنگھ کے وکیل کا بیان بالکل بے معنی اور غلط ہے، ڈاکٹروں پر مشتمل پینل دوبارہ سے سشانت سنگھ کے پوسٹ مارٹم اور رپورٹ کا نئے سرے سے جائزہ لے رہا ہے ، سشانت کے پوسٹ مارٹم کی ابھی 20 فیصد رپورٹ تیار ہونا باقی ہے۔

ڈاکٹر سدھیر گپتا کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کو 22 ستمبر کو حتمی رپورٹ پیش کرنی تھی، جیسا کہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہے، رپورٹ مکمل ہونے کے بعد معلوم ہوگا کہ یہ ایک خودکشی تھی یا قتل۔

واضح رہے کہ 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More