پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں وبائی مرض کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بے شمار افراد آن لائن شاپنگ کر رہے ہیں اور اپنی ضرورت کی اشیاء گھر بیٹھے حاصل کر رہے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ماہرین نے لوگوں کو تنبیہہ کی ہے کہ گھر پر آنے والے پارسلز پر بھی کورونا وائرس موجود ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پارسل گھر آنے کے بعد اسے 72 گھنٹے کے لیے ایسے ہی پڑا رہنے دیں اس کے بعد اسے کھولیں۔
یونیورسٹی آف بیتھ کے پروفیسر ڈاکٹر بین اینزورتھ کا کہنا ہے ہم جانتے ہیں کہ کورونا وائرس بھی اسی طرح پھیلتا ہے جس طرح دیگر وائرس پھیلتے ہیں، اس احتیاط پر عمل کر کے ہم اس خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بیتھ، برسٹل اور ساؤتھ ہمپٹن کے تحقیق کاروں نے بتایا کہ کاغذ کی مختلف اقسام پر کورونا وائرس 72 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے اسی لیے اس دورانیے میں پارسل کو ہاتھ لگانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔