عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق مختلف معلومات موصول ہو رہی ہیں جبکہ علاج کے حوالے سے پلازمہ کی مدد لینے پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے شرکت کی جس میں انہوں نے بتایا کہ پلازمہ عطیہ کرنے سے صحت کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچتا اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی کمزوری ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ملک میں کورونا وائرس شدت کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ چند دن میں زیادہ مریضوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں سے پلازمہ کی طلب کی جا رہی ہے جبکہ ہمیں پلازمہ عطیات میں کمی کا سامنا ہے، اب تک تقریبا چالیس صحت یاب لوگوں نے پلازمہ عطیہ کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مریض جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا وہ چودہ روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد پلازمہ عطیہ کرسکتا ہے۔