کورونا وبا کے باعث ہر کوئی خوفزدہ ہے، دنیا بھر میں کورونا وائرس کے علاج کے لئے جہاں سائنسدان ویکسین بنانے میں مصروف ہیں، وہیں پلازمہ تھراپی کے ذریعے بھی کورونا کے مریض کو وائرس سے لڑنے میں مدد دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
میڈیکل سائنس انسان کے جسم میں موجود خون کو دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق خون دراصل پلازمہ اور سیلز پر مشتمل ہوتا ہے جن میں شامل مختلف اجزاء اپنا اپنا کام کرتے ہیں۔
پلازمہ تھراپی کے لئے ڈاکٹرز کو ان لوگوں کے خون کی ضرورت پڑتی ہے جو کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہوں ۔ یعنی کورونا سے شفایاب ہوجانے والے افراد کے خون سے متاثرہ مریض کی قوتِ مدافعت بڑھانے کا عمل پلازمہ تھراپی کہلاتا ہے۔
پلازمہ کا کام یہ ہوتا ہے کہ کسی بھی انسان کے خون میں موجود پلازمہ دراصل خون میں شامل خلیات اور اس کے ساتھ پروٹین کو تیرنے میں مدد دیتا ہے جب کہ پلازمہ میں موجود اینٹی باڈیز انسانی جسم کی قوتِ مدافعت بڑھاتی ہیں۔