آسٹریلوی تحقیقی ماہرین کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والے مریضوں کا خون انٹرنیٹ پر بلیک میں فروخت کیا جارہا ہے۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق مہلک وائرس سے صحت مند ہونے والے مریضوں کے خون کی خرید و فروخت ڈارک ویب پر کی جا رہی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ کورونا سے صحت مند ہونے والے مریضوں کے جسم میں اینٹی باڈیز پیدا ہو جاتی ہیں جو اگر متاثرہ افراد کے جسم میں داخل کر دی جائیں تو انہیں وائرس نقصان نہیں پہنچا سکتا اور اگر وہ متاثر بھی ہوئے تو یہ اینٹی باڈیز اُسے ختم کرنے کی قوت رکھتی ہیں۔
آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈارک ویب پر کورونا وبا سے صحتیاب مریضوں کے خون کی فروخت میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ اس کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین ڈارک ویب پر اس بات کا مشاہدہ کر رہے ہیں کہ سائبر کرائم میں ملوث افراد کورونا وائرس کے اس مشکل وقت میں لوگوں کو کس طرح لوٹ رہے ہیں۔