کورونا وائرس کی وجہ سے کوما میں جانے والی ماں نے بچے کو جنم دے دیا... بچہ اور ماں دونوں صحت مند

ہماری ویب  |  Apr 14, 2020

امریکہ کی ایک خاتون کے گھر بچے کی پیدائش ہوئی لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ بچہ کی پیدائش اس وقت ہوئی جب خاتون کوما میں تھیں۔

تفصیلات کے مطابق حاملہ خاتون کو اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد داخل کیا گیا تھا جس کے بعد دوران علاج وہ کوما میں چلی گئیں۔

برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ نے اپنی رپورٹ میں امریکی نشریاتی ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر وینکوور کی خاتون نے کوما کے دوران بچے کو جنم دیا۔


رپورٹ کے مطابق کوما میں جانے والی خاتون بچے کو جنم دینے کے 5 دن بعد ہوش میں آگئیں اور انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں آن لائن شرکت کی، جہاں انہوں نے اس تجربے کو دنیا بھر کے لوگوں سے شئیر کیا۔

خاتون کے مطابق 'مارچ کے اختتام میں ان کی طبعیت خراب ہوگئی تو انہیں اسپتال لے جایاگیا۔ جہاں ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا، اس کے بعد انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کر لیا گیا'۔

خاتون کا کہنا تھا کہ 'وہ بالکل صحت مند تھیں اور ان کے کسی بھی رشتہ دار کو ان کے یوں اچانک بیمار ہونے اور پھر کوما میں چلے جانے کی امید نہ تھی، کوما میں مبتلا ہونے کے وقت وہ حمل کے 33 ویں ہفتے میں تھیں'۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کو 30 مارچ کو ہسپتال میں داخل کیا گیا اور اگلے ہی دن وہ کوما میں چلی گئیں جب کہ یکم اپریل کو کوما کی حالت میں ان کےہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔

تاہم بچے کی پیدائش کے 5 دن بعد 6 اپریل کو خاتون کوما سے باہر آئیں، اور یہ جان کر بے حد خوش ہوئیں کہ انہوں نے ایک بچے کو جنم دیا ہے، جبکہ خاتون کے اہلخانہ اسے معجزہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More