انڈونیشیا میں موجود ایک جزیرے پر آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے دہلا دینے والے واقعے نے سننے والوں کو خوفزدہ کر دیا۔ آتش فشاں پھٹنے کی زور دار آوازیں دور دراز علاقوں تک سنی گئیں۔
غیرملکی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے جزیرے ’کراکاٹاؤ‘ میں پیش آیا۔ آتش فشاں کے دوران پہاڑ کے اندرونی حصے میں موجود گرم مادہ شدت اختیار کر گیا تھا۔
تاہم اس دوران لاوے کا اخراج نہیں ہوا، لیکن اس واقعے کے دوران آتش فشاں کی آوازیں 150 کلومیٹر دور انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی سنی گئیں۔
محکمہ قدرتی آفات کے ایک ماہر کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں تین آتش فشانی پہاڑ ایسے ہیں جن کے بارے میں ہائی الرٹ جاری کیا جاچکا ہے، ان پہاڑوں میں کراکاٹاؤ کے پہاڑی علاقے بھی شامل ہیں۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہم پہلے ہی بہت پریشان ہیں، لوگوں کو چاہئے کہ وہ دھماکے دار آوازوں کے حوالے سے گفتگو سے پرہیز کریں۔