دنیا بھر میں جہاں ہزاروں افراد وبائی مرض کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں وہیں کچھ ایسے باہمت افراد بھی ہیں جنہوں نے بہادری سے اس مرض کا مقابلہ کیا اور اسے شکست دی۔
ان ہی لوگوں میں سے ایک بھارتی نژاد برطانوی خاتون ریا لاکھانی بھی ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریا لاکھانی گزشتہ 7 سال سے ایک مرض میں مبتلا تھیں جبکہ ڈاکٹرز نے ان کو اُس مرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے آپریشن کروانے کا مشورہ دیا تھا۔
ریا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'جب میں آپریشن کے لیے اسپتال میں داخل ہوئی تو بالکل ٹھیک تھی لیکن کچھ دن اسپتال میں داخل رہنے کے بعد مجھ میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے لگیں'۔
ریا لاکھانی نے بتایا کہ 'مجھے بخار ہوگیا تھا ساتھ ہی سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، میں نے کورونا کا ٹیسٹ کروایا جو کہ بدقسمتی سے مثبت آیا'۔
خاتون کا کہنا تھا کہ 'مجھے قرنطینہ میں رکھا گیا جہاں میں اپنے پیاروں سے نہیں مل سکتی تھی، میرے لیے وہ وقت میری زندگی کا سب سے مشکل ترین وقت تھا کیونکہ میری حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی تھی اور مجھے ایسا لگتا تھا کہ جیسے میں اب زندہ نہیں بچ سکوں گی اور میں مر جاؤں گی'۔

(اسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہوئے ریا کی ایک مسکراتی تصویر)
انہوں نے بتایا کہ 'اسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں نے میرا بہت خیال رکھا اور میرا بہت اچھے طریقے سے علاج کیا جس کے لیے میں اُن کی بہت ہی زیادہ شُکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری جان بچائی'۔
ریا کا کہنا تھا کہ 'میں اب بھی اپنی فیملی سے فاصلہ برقرار رکھے ہوئے ہوں کیونکہ مجھے ابھی بھی کورونا کا خوف ہے لیکن مجھے اِس بات سے بھی راحت ملتی ہے کہ میں کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو چکی ہوں'۔