معصوم نظر آنے والے اداکار وہاج علی ڈرامہ عہدِوفا کا حصہ کیسے بنے؟ جانئیے اِن کی دلچسپ کہانی

ہماری ویب  |  Mar 07, 2020

حالیہ دِنوں کا مقبول ترین ڈرامہ عہدِوفا اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس ڈرامہ میں شارق حبیب کا کردار ادا کرنے والا اداکار حقیقت میں کون ہے؟

آج ہم آپ کو اداکار و ماڈل وہاج علی کے بارے میں بتائیں گے۔ وہاج علی نے اپنی اداکاری کا آغاز 2015 میں ڈرامہ سیریل 'میرا درد نہ جانے کوئی' سے کیا۔ وہاج علی کے مطابق انہیں بچپن سے ہی ڈرائنگ کا بے حد شوق تھا۔

اداکار کے گزشتہ ڈراموں میں ان کی دلچسپ شخصیت اور جاندار اداکاری نے انہیں عہدِوفا جیسے میگا پروجیکٹ تک پہنچا دِیا۔


اداکار وہاج علی اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہیں۔ اداکار کے والد اور والدہ دونوں ہی گورنمنٹ ملازمین تھے۔ والدہ گرلز کالج میں پڑھاتی تھیں جبکہ والد سول سروسز میں تھے۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکار وہاج علی نے بتایا کہ ان کے والدین چاہتے تھے وہ بھی سی ایس ایس کریں لیکن انہیں پڑھائی سے کچھ زیادہ لگاؤ نہیں تھا۔

اداکار نے اپنے متعلق بتایا کہ وہ ایک انتہائی حساس انسان ہیں، انہیں اس بات سے ہر وقت ڈر لگا رہتا ہے کہ ان سے کوئی ناراض نہ ہو جائے۔

اپنی شادی کے حوالے سے اداکار وہاج علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل پر انٹرنشپ کی تھی جہاں ان کی ملاقات ان کی اہلیہ ثناء سے ہوگئی اور پہلی نظر میں وہ انہیں پسند آگئیں جس کے بعد وہاج نے ان سے اپنی محبت کا اظہار کر ڈالا۔

اداکار وہاج علی کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کے والد کی وفات 2017 میں ہو گئی تھی جس کے بعد وہ انتہائی ڈرپوک ہو گئے۔ اداکار کے مطابق جب والد زندہ تھے تو انہیں کسی بات کا کوئی ڈر نہیں تھا تاہم اب ہر وقت اس بات کا خوف رہتا ہے کہ زندگی میں کبھی کہیں پھنس گیا تو مشکل سے کون نکالے گا؟

اداکار وہاج علی کی ناصرف شخصیت متاثر کن ہے بلکہ ان کی اداکاری بھی ایک کامیاب اداکار کا ثبوت دیتی ہے۔ ڈرامہ عہدِوفا میں اداکار کی اداکاری ان کے مداح بے حد پسند کر رہے ہیں اور انہیں سراہ رہے ہیں۔

اداکار وہاج علی جن ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکے ہیں ان میں ماہِ تمام، دلنواز، عشق عبادت، میرے دِل میرے مسافر، احساس، تم میرے کیا ہو، گلہ، وفا، ہری ہری چوڑیاں، حیوان، بھرم اور عہدِوفا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More